کراچی(اسٹاف رپورٹر) بھارتی ہائی کمیشن نے جونیئر ورلڈ کپ میں حصہ لینے والی قومی جونیئر ہاکی ٹیم کے کھلاڑیوں کو ویزا جاری نہ کرنے کے بعد اب ان کے پاسپورٹ بھی واپس دینے میں حیل وحجت سے کام لینا شروع کردیا ہے جس کی وجہ سے ٹیم کے بعض کھلاڑیوں کو بیرون ملک ہاکی لیگ میں شر کت میں دشواری کا سامنا ہے۔ بھارتی حکومت قومی جونیئر ہاکی ٹیم کو ویزے جاری کرنے میں جان بوجھ کر تاخیر کرنے اور پاکستان جونیئر ٹیم کو ورلڈ کپ سے آئوٹ کروانے کے بعد بھی باز نہ آئی اور بھارتی ہائی کمیشن نے ہٹ دھڑمی کا مظاہرہ کرتے ہوئے جونیئر کھلاڑیوں کے پاسپورٹ واپس کرنے میں بھی نخرے دکھانے شروع کر دیئے ۔ پاکستان ہاکی فیڈریشن کے سیکرٹری جنرل شہباز سینئر نے بتایا کہ قومی جونیئر پلیئرز نے عمان میں ہاکی لیگ کے مقابلوں میں حصہ لینا ہے ، بھارتی ہائی کمیشن نے قومی جونیئر ٹیم کو بر وقت ویزے نہ دیکر ہٹ دھڑمی کا مظاہرہ تو کیا ہی تھا لیکن اب پاکستانی پلیئرز اور آفیشلز کے پاسپورٹس واپس کرنے میں بھی جان بوجھ کر تاخیر کر رہا ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارتی ہائی کمیشن سے پاسپورٹس واپس لینے کیلئے پہلے 30نومبر کو ای میل کی جس کا کوئی جواب نہیں ملا جس پر فیڈریشن نے دوبارہ 3دسمبر کو ایک اور ای میل ہائی کمیشن کو بھجوائی جس کے جواب میں ہائی کمیشن کا کہنا تھا کہ پاکستانی پاسپورٹس کی واپسی میں چند روز لگے گے ۔ بھارت کی جانب سے پاکستانی کھلاڑیوں کو ویزا جاری نہ ہونے کی وجہ سے ایف آئی ایچ نے پاکستان کو جونیئر ورلڈ کپ سے باہر کردیا، اور پی ایچ ایف کو مورد الزام ٹھرایا ہے کہ اس نے اپنی شر کت کی تصدیق میں تاخیر سے کام لیا ، تاہم پی ایچ ایف نے ان الزامات کو یکسر مسترد کردیا ہے۔