• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ریجنل ٹیمیں باہر، قومی ہاکی چیمپئن شپ ڈپارٹمنٹس تک محدود، پی ایچ ایف نےمنظوری دیدی

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان ہاکی فیڈریشن نے رواں ماہ لاہور میں کھیلی جانیوالی 64 ویں قومی ہاکی چیمپئن شپ سے ریجنل ٹیموں کو باہر کردیا ہے اور ایونٹ کو صرف ڈیپارٹمنٹل ٹیموں تک محدود رکھنے کی منظوری دیدی ۔ پاکستان ہاکی فیڈریشن کے سیکرٹری جنرل شہباز سینئر کے مطابق ڈومیسٹک سطح پر ہاکی کے معیار کو بہتر بنانے کیلئے ریجنز کی ٹیم کو چیمپئن شپ سے آئوٹ کرنے کا فیصلہ کیا گیا جس کیلئے فیڈریشن آئندہ ماہ الگ ٹورنامنٹ منعقد کروائے گی ۔ انہوں نے بتایا کہ رواں ماہ کھیلی جانیوالی چیمپئن شپ میں چاروں صوبے، فاٹا، آزاد کشمیر، اسلام آباد اور گلگت بلتستان کی ٹیمیں حصہ نہیں لے گی جبکہ سوئی نادرن گیس اور جوفی فائونڈیشن کی ٹیموں کو چیمپئن شپ میں شامل کیا گیا ہے جس کے بعد ڈپارٹمنٹل سطح پر 12ٹیمیں ایکشن میں نظر آئیں گی ۔ انہوں نے کہا کہ ریجنل ٹیموں کو شامل نہ کر نے کا فیصلہ قومی مقابلے کے معیار میں اضافہ کرنا ہے، بعض ریجنل ٹیموں کے کم زور ہونے کی وجہ سے اس گروپ میں موجود بعض ٹیموں کو فائدہ مل جاتا ہے، اکثر ٹیموں کے خلاف بڑی تعداد میں گول ہوتے ہیں، ریجنل ٹیموں کے لئے الگ سے ٹورنامنٹ کرانے سے ان کی قوت اور طاقت کا اندازہ لگانے کے علاوہ شہروں سے نئے کھلاڑیوں کو بھی جانچنے میں مدد ملے گی۔
تازہ ترین