• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پیپلز پارٹی کا یوم تاسیس، جاپان میں تقریب کا اہتمام

Ppp Anniversary Organized The Event In Japan
عرفان صدیقی ، ٹوکیو ، جاپان.... پیپلز پارٹی جاپان کے مرکزی رہنما اور سابق صدر پیپلز پارٹی جاپان نعیم الغنی آرائیں کی قیادت میں پیپلز پارٹی کے یوم تاسیس کے موقع پرایک تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں بڑی تعداد میں پارٹی کارکنوں اور رہنمائوں نے شرکت کی جس سے پارٹی کے سینئر رہنما نعیم الغنی آرائیں سمیت مرزا خلیل بیگ ،رانا عامر اور دیگر رہنمائوں نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا۔

اس موقع پر نعیم الغنی آرائیں نے اپنے خطاب میں کہا کہ پیپلز پارٹی کو صفحہ ہستی سے مٹانے والے خود ہستیاں مٹا بیٹھے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ جس پارٹی کے لیے ذوالفقار علی بھٹو اور محترمہ بے نظیر بھٹو جیسی ہستیوں نے جانیں قربان کی ہوں اس پارٹی کو کوئی ختم نہیں کرسکتا ۔

انھوں نے کہا کہ بلاول بھٹو کی قیادت میں پیپلز پارٹی ایک بار پھر اگلے انتخابات میں پورے ملک میں حکومت بنائے گی اور پارٹی کے قائد ذوالفقار علی بھٹو کے نعرے روٹی کپڑا اور مکان کی پالیسی پر عمل کرے گی۔

اس موقع پر مرز ا خلیل بیگ نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ کشمیر کاز کے لیے کام کیا ہے اور بلاول بھٹو کی قیادت میں کشمیر آزاد ہوکر رہے گا اوردنیا بھر میں کشمیری کمیونٹی بلاول بھٹو کے ساتھ ہیں ۔

رانا عامر نے اپنے خطاب میں کہا کہ پیپلز پارٹی ایک بار پھر بلاول بھٹو کی قیادت میں مقبولیت حاصل کر رہی ہے اور اگلی حکومت پورے پاکستان میں پیپلز پارٹی ہی بنائے گی اور ہمارے اگلے وزیر اعظم بلاول بھٹو ہی ہوں گے۔

تقریب سے شرکاء کے خطابات کے بعد کیک کاٹا گیا ۔ تقریب میں پی پی پی کے سو سے زائد کارکنوں نے شرکت کی۔
تازہ ترین