کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان کے بغیر گیارہواں مینز جونیئر ورلڈ کپ ہاکی ٹور نامنٹ جمعرات سے لکھنومیں شروع ہو گا جس میں جرمنی کی ٹیم ٹائٹل کا دفاع کرے گی۔ پاکستانی جونیئر ٹیم کی جگہ ملائیشیا کی ٹیم ایکشن میں نظر آئے گی۔ نیوزی لینڈ اور جاپان کی ٹیمیں افتتاحی میچ میں آمنے سامنے ہوں گی۔ 18 دسمبر تک جاری رہنے والے ایونٹ میں 16 ٹیمیں عالمی ٹائٹل کے حصول کیلئے ایکشن میں دکھائی دیں گی جنہیں چار مختلف گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے۔ افتتاحی روز چار میچز کھیلے جائیں گے، پہلے میچ میں نیوزی لینڈ کا مقابلہ جاپان، دوسرے میچ میں جرمنی کا مقابلہ ا سپین، تیسرے میچ میں انگلینڈ کا مقابلہ جنوبی افریقا اور چوتھے میچ میں بھارت کا مقابلہ کینیڈا سے ہوگا۔ ایونٹ کا فائنل 18دسمبر کو کھیلا جائے گا۔