اسلام آباد ( آن لائن ) عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ پاناما کیس پر کمیشن کی درخواست کرنیوالے سوچیں ،اس سے کچھ نہیں نکلے گا ، ضد کا انجام برا ہوتا ہے ، جب گھی سیدھی انگلی سے نہیں نکلتا تو ٹیڑھی کرنی پڑتی ہے، سوچ رہا ہوں اپنے پیسے بھی شریف خاندان کو دے دوں تاکہ ڈبل ہو جائیں۔ سپریم کورٹ میں پاناما کیس کی سماعت سے قبل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ثبوت بھی سپریم کورٹ سے نکلیں گے اور تابوت بھی اسی عمارت سے نکلیں گے۔ انہوں نے کہاکہ سارا مسئلہ 12 ملین درہم کا ہے جو ختم ہونے کا نام ہی نہیں لے رہے ۔ انہوں نے کہا کہ انہیں گاڑیاں بیچنے سے بھی کروڑ و ں کا منافع ہو جا تا ہے اس لیے میں سارے کار ڈیلروں سے کہوں گا کہ وہ کاریں شریف خاندان کے ذریعے بیچیں ۔ شیخ رشید نے کہا کہ پاناما کیس پر کمیشن کی درخواست کرنے والے سوچیں ۔کمیشن0 سے کچھ نہیں نکلے گا ۔لوگ عزت کے خاطر استعفے دے رہے ہیں مگر یہ وہ لوگ ہیں جن کی وجہ سے جمہوریت تباہ ہو رہی ہے اور طالع آزما آجاتے ہیں تاہم یہ نہیں مانتے اور کہتے ہیں جو کرنا ہے کر لو۔