برمنگھم(نمائندہ جنگ)پیپلزپارٹی کے شہید قائدین نے اپنے خون سے پاکستانی جمہوریت کی تاریخ لکھی ہے اس تاریخ کو مسخ کرنے کی کسی کو اجازت نہیں دے سکتے ہیں۔ 27دسمبر کے دن ثابت کریں گے کہ بینظیر بھٹو آج بھی کارکنوں کے دلوں میں بستی ہیں۔ ان خیالات کا اظہار پی پی پی برطانیہ کے مختلف مرکزی رہنمائوں الحاج محمد بشیر آرائیں، راجہ خالد خان،حاجی محمد ایوب سرکھوی، چوہدری لالہ اقبال رٹوی، نائب مغل سید علی اصغر شاہ اور دیگر نے نظریاتی کارکن سید صغیر حسین شاہ کاظمی کی رہائش گاہ پر منعقدہ ایک مشاورتی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پی پی پی کی شہید قائد و سابق وزیراعظم پاکستان بینظیر بھٹو کی سالانہ برسی 27دسمبر شا م چار بجے برمنگھم میں انتہائی عقیدت و احترام سے منائی جائے گی۔ اس تقریب کے مہمان خصوصی سابق صدر پی پی پی برطایہ سید حسن بخاری ہوں گے۔ اجلاس میں ان پارٹی رہنمائوں کا مزید کہنا تھا کہ بھٹو خاندان نے اپنے خون سے پاکستان کے اندر جمہوری اداروں سے استحکام اورتحفظ کی بنیاد رکھی تھی برطانیہ بھر کے کارکن اورجیالے اس بنیاد کو قائم رکھنے کیلئے ہر قربانی دینے کیلئے تیار ہیں۔