پشاور(سٹاف رپورٹر)وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک موسم کی خرابی کے باعث طیارہ حادثہ کے مقام کا جائزہ لینے نہ جاسکے تاہم وہ آج جمعہ کے روز حویلیاں جائیں گے جبکہ کمشنر ہزارہ ڈویژن نے واقعہ اور بعدازاں ریسکیو اور امدادی کاموں سے متعلق رپورٹ وزیراعلیٰ کو ارسال کردی ہے ،وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک اورمشیر برائے اطلاعات مشتاق غنی نے جمعرات کی صبح حویلیاں ایبٹ آباد میں اس مقام کا دورہ کرنا تھا جہاں بدھ کے روز پی آئی اے کا اے ٹی آر طیارہ گر کر تباہ ہوا تھا تاہم عین وقت پر انھیں اطلاع دی گئی کہ موسم ٹھیک نہیں اس لیے ہیلی کاپٹر کی اڑان ممکن نہیں جس کے باعث انہوں نے اپنا دورہ ملتوی کردیا البتہ وہ آج جمعہ کے روز مذکورہ مقام کا دورہ کرینگے ،دوسری جانب کمشنر ہزارہ ڈویژن نے مذکورہ واقعہ ،ریسکیو اور امدادی کاروائیوں اور اس سے متعلق دیگر تمام امور کے بارے میں تفصیلی رپورٹ وزیراعلیٰ کو ارسال کردی ہے ۔