اسلام آباد (نمائندہ جنگ) عدالت عظمیٰ نے ’’پاناما پیپر ز لیکس‘‘ کیس کی سماعت کے دوران درخواست گزار، شیخ رشید کی جانب سے ججز سے موسم سرما کی چھٹیاں قوم پر قربان کرنے کی زبانی استدعا مسترد کر دی، جسٹس امیر ہانی مسلم نے کہا کہ آئندہ عدالتی ہفتہ کے دوران 13 اور 14 دسمبر دو ہی ورکنگ دن ہیں لیکن ان میں بینچ ہی دستیاب نہیں ہو گا ،جس پرجسٹس آصف سعید کھوسہ نے کہا کہ دو دن میں اس کیس کی سماعت مکمل نہیں ہو سکتی ہے ، سردیوں کی تعطیلات بھی شروع ہونے والی ہیں،عدالتی چھٹیاں تو بس کاغذوں میں ہی ہوتی ہیں،ہم توچھٹیوں میں بھی کام ہی کرتے ہیں،جس پرشیخ رشید نے کہا کہ اہم معاملہ ہے یہ دو چھٹیاں قوم پر قربان کر دیں،توچیف جسٹس انور ظہیرجمالی نے کہا کہ معاملہ چھٹیوں کا نہیں ہے بلکہ روایات کے مطابق 15 دسمبر کو ان کے اعزاز میں فل کورٹ ریفرنس دیاجائے گا جب ایک جج چغہ اتار دیتا ہے تو اس کے بعد وہ بینچ کا حصہ نہیں رہتا ہے ۔