• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فوج میں بڑے پیمانے پر اہم تبادلے، ڈی جی آئی ایس آئی، ڈی جی آئی ایس پی آر، چیف آف جنرل اسٹاف اور کورکمانڈر بہاولپور پشاور تبدیل

اسلام آباد (نمائند ہ جنگ)پاک فوج میں  اعلیٰ  سطح پراہم تبادلے‘ڈی جی آئی ایس آئی‘ڈی جی آئی ایس پی آر‘چیف آف جنرل اسٹاف ‘کور کمانڈر بہاولپور اور کور کمانڈر پشاورکو تبدیل کردیاگیا‘سابق کور کمانڈر کراچی لیفٹیننٹ جنرل نوید مختار کو آئی ایس آئی کا نیاڈائریکٹر جنرل مقررکردیاگیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آرکی جانب سے اتوارکو جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پاک فوج میں11لیفٹیننٹ جنرلز کے تبادلے کردیئے گئے ہیں جن میں حال ہی میں ترقی پانے والے افسران بھی شامل ہیں۔ان تبادلوں میں آئی ایس آئی کے ڈی جی لیفٹیننٹ جنرل رضوان اختر کو تبدیل کرکے انہیں لیفٹیننٹ جنرل نذیر بٹ کی جگہ نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی کا صدر مقرر کیا گیا ہے جبکہ موجودہ صدر لیفٹیننٹ جنرل نذیربٹ کو کور کمانڈر پشاور تعینات کیا گیا ہے۔ کور کمانڈرپشاور لیفٹیننٹ جنرل ہدایت الرحمن کو آئی جی ٹریننگ اینڈ ایویلیوایشن مقرر کیا گیا ہے‘نئے ترقی پانے والے لیفٹیننٹ جنرل بلال اکبر کو چیف آف جنرل اسٹاف جی ایچ کیو مقرر کیا گیا ہے۔ سابق آرمی چیف جنرل راحیل شریف کے دست راست اور ڈائریکٹر جنرل آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل عاصم سلیم باجوہ کو جی ایچ کیو میں انسپکٹر جنرل آرمز مقرر کیا گیا ہے۔ نئے ڈی جی آئی ایس پی آرکا ابھی فیصلہ نہیں کیا گیا ہے‘ چند روز میں اس  اہم عہدہ پر بھی تقرری عمل میں لائی جائے گی۔ علاوہ ازیں لیفٹیننٹ جنرل ہمایوں عزیز کو جی ایچ کیو میں آئی جی کمیونیکیشنزاینڈآئی ٹی مقرر کیا گیا ہے‘ اسی طرح لیفٹیننٹ جنرل  شیرافگن کو کور کمانڈر بہاولپور مقرر کیا گیا ہے۔ لیفٹیننٹ جنرل قاضی اکرام کو جی ایچ کیو میں چیف آف لاجسٹک اسٹاف مقررکیا گیاہے۔ لیفٹیننٹ جنرل محمد افضل بدستور ایف ڈبلیو او کے ڈی جی کے فرائض انجام دیتے رہیں گے۔ لیفٹیننٹ جنرل نعیم اشرف کو ہیوی انڈسٹری ٹیکسلا کا چیئرمین مقرر کیا گیا ہے۔ عسکری ذرائع کے مطابق پاک فوج کے سربراہ آئندہ ہفتے مزید اعلیٰ افسروں کے تبادلے عمل میں لائیں گے۔
تازہ ترین