وزیراعظم پاکستان محمد نواز شریف بلوچستان کے 2روزہ دورے پر آج گوادر پہنچیں گے۔ دورے کے دوران وزیراعظم کوئٹہ، پشین اور تربت بھی جائیں گے۔
سرکاری ذرائع کے مطابق وزیراعظم پاکستان میاں نواز شریف منگل کی صبح11 بجے گوادر پہنچیں گے، جہاں وہ پاک نیوی کے زیر اہتمام سی پیک کے حوالے سے منعقدہ 2روزہ انٹرنیشنل میری ٹائم کانفرنس کا افتتاح کریں گے۔
اس کانفرنس میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی شرکت بھی متوقع ہے۔ کانفرنس میں شرکت کے بعد وزیر اعظم منگل کی شام کوئٹہ پہنچیں گے، جہاں سے وہ پشین جائیں گے۔
وزیر اعلی بلوچستان نواب ثنا اللہ زہری پشین ریسٹ ہاوس میں ان کے اعزاز میں عشائیہ دیں گے۔ پشین کے قبائلی عمائدین کا وفد بھی وزیر اعظم سے ملاقات کرے گا۔
پشین سے کوئٹہ واپسی کے بعد وزیر اعظم بدھ کو تربت جائیں گے۔ تربت کے علاقے باگتر میں وزیراعظم سوارب ہوشاب شاہراہ کا افتتاح کریں گے۔