گوادر میں پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ سے وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ زہری نے ملاقات کی جس میں بلوچستان میں امن و امان کی صورتحال اور سی پیک کی سیکورٹی سمیت باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
پاک فوج کے سربراہ اور وزیراعلیٰ بلوچستان کے درمیان ملاقات میں کمانڈر سدرن کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل عامر ریاض بھی موجود تھے، انتہائی خوشگوار ماحول میں کافی دیر جاری رہنے والی اس ملاقات میں بلوچستان میں امن و امان کی صورتحال اور سی پیک کی سیکورٹی سمیت باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر وزیراعلیٰ بلوچستان نے جنرل قمر جاوید باجوہ کو پاک فوج کے سربراہ کا عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد پیش کی، جبکہ انہوں نے بلوچستان میں امن کے قیام کے حوالے سے پاک فوج کے کردار اور تعاون کو سراہا، پاک فوج کے سربراہ نے یقین دلایا کہ بلوچستان میں امن و امان کی صورتحال کو مزید بہتر بنانے کے لیے پاک فوج کا بھرپور تعاون جاری رہے گا۔