• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سانحہ کوئٹہ کی تحقیقاتی رپورٹ حکومتی نااہلی پر مہرہے،سراج الحق

لاہور(نمائندہ خصو صی ) امیرجماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ سقوط ڈھاکہ کے المیہ کے بعد حمود الرحمن کمیشن بنا مگر اس کی رپورٹ قوم کے سامنے آج تک پیش نہیں کی گئی،حکمرانوں نے سقوط ڈھاکہ سے کوئی سبق حاصل کیا ہے نہ اپنی روش بدلی ہے، وسائل کی غیر منصفانہ تقسیم سے چھوٹے صوبوں کے اندر آج بھی احساس محرومی پایا جاتا ہے۔جامع مسجد منصورہ میں جمعہ کےاجتماع سے خطاب کرتے ہوئےانھوں نے کہاکچھ لوگ سمجھتے ہیں کہ وہ اپنی کرپشن کی دولت کو چھپانے اور پاناما لیکس کیس سے بچ نکلنے میں کامیاب ہوجائیں گے مگر یہ ان کی خود فریبی ہے ،عوام اپنی لوٹی گئی پائی پائی وصول کرنے کیلئے بے چین ہیں ،کوئٹہ سانحہ پر جے آئی ٹی کی رپورٹ نے حکومت کی نااہلی پر مہر تصدیق ثبت کردی ہے۔سراج الحق نے کہا افسوس ہے کہ پانامہ لیکس کو آٹھ ماہ گزرنے کے بعد بھی حکومت نے کرپشن کے خاتمےکیلئے کوئی قانون سازی نہیں کی ۔ سرکاری وکیل نے عدالت عظمیٰ میں اعتراف کیا کہ وزیر اعظم نے اسمبلی فلور پر جو خطاب کیا وہ سیاسی بیان تھا ،آئندہ  ارکان اسمبلی وزیر اعظم کی کسی بات پراعتماد کرنے سے قبل سو بار سوچیںگے ۔ سراج الحق نے کہا حکومت قومی ایکشن پلان کو پورا کرتی تو وزراء کو بلٹ پروف گاڑیاں خریدنے کی اجازت نہ دیتی ،حکومت عوام کو تحفظ دینے میں مکمل طور پر ناکام ہوچکی ہے ۔
تازہ ترین