راولپنڈی(اپنے رپورٹر سے) جمعہ کو مری روڈ پر احتجاج کے باعث ٹریفک کا نظام شدید متاثر ہوا۔بیک وقت دو مظاہروں سے لیاقت باغ سے مریڑ چوک تک گاڑیوں کی لائنیں لگ گئی تھیں۔پہلا مظاہرہ پی ٹی آئی کے زیر اہتمام گیس لوڈشیڈنگ کے خلاف کیا گیا جس کی قیادت چوہدری اصغر اور ظہیر احمد اعوان جنرل سیکرٹری پی ٹی آئی کررہے تھے۔ مظاہرہ سیٹھی کالونی ، شارجہ گراونڈ ، محلہ حکمداد ، محلہ محمود علی شاہ ، محلہ چاہ سلطان ، محلہ امرپورہ ، ڈھوک کھبہ ، ڈھوک الٰہی بخش ، نیشنل ٹائون ، کرنل یوسف کالونی ، صادق آباد ،سروس روڈ ، ڈھوک چراغ دین ، رحیم آباد ، سرسید چوک ، پائپ لائن ، جہانگیر روڈ ، عزیز کالونی جھنڈا چیچی ، طہماسپ آباد کے علاقوں میں گیس کی عدم فراہمی کے خلاف تھا۔مقررین نے مطالبہ کیا کہ گیس بحال کرائی جائے ورنہ وزیر پٹرولیم مستعفی ہوں۔مظاہرے میں الحاج اظہر اقبال ستی ، ممتاز خان ،افتخار احمد،حاجی محمد نصیر،راجہ ظفر محمود ،راجہ ذیشان اور دیگر بھی شریک تھے۔دوسرا مظاہرہ مسلم لیگ یوتھ کے سردار رفاقت کے قتل کے خلاف کیا گیا۔مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ قاتلوں کوگرفتار کرکے کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔