• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاناما لیکس: کئی حکمراں فارغ ہوئے، ہمارے یہاں کچھ نہ ہوا، سراج الحق

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) جماعت اسلامی پاکستان کے امیر سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ حکمران وژن سے خالی ہیں ، ملک میں پارلیمانی طرز سیاست ہے اور پارٹی وابستگی سے ہٹ کر کم ہی سوچا اور سمجھا جاتا ہے۔ ان حالات میں جماعت اسلامی نے گزشتہ 9ماہ سے کرپشن کے خلاف مہم شروع کی ہوئی ہے ۔ ہم عدالت میں بھی گئے اور اسی ٹی او آرز کے ساتھ گئے جن پر سب نے اتفاق کیا تھا ، ہم نے کہا تھاکہ پہلے مرحلے میں وزیر اعظم کا احتساب ہو اس کے بعد ان سب لوگوں کا احتساب ہو جن کے نام سامنے آئے ہیں ۔ جماعت اسلامی سرمایہ داروں کا ٹولہ نہیں عام لوگوں کی جماعت ہے ۔ کرپشن فری پاکستان پوری قوم کی ضرورت ہے۔ پاناما لیکس کی وجہ سے دیگر ممالک میں کئی حکمران فارغ ہوئے مگر ہمارے یہاں کچھ نہیں ہوا۔ان خیالا ت کا اظہار انہوں نے ہفتہ کے روز مقام ہوٹل میں جماعت اسلامی کراچی کے تحت سینئر صحافیوں کی ایک نشست سے گفتگو کر تے ہوئے کیا ۔نشست میں جماعت اسلامی پاکستان کے نائب امیر اسد اللہ بھٹو نے پاناما لیکس اور ملک میں میگا اسکینڈل کے حوالے سے جماعت اسلامی کی جانب سے سپریم کورٹ میں دائر کی گئی درخواست کے بارے میں تفصیلات سے آگاہ کیا ۔سراج الحق نے مزید کہا کہ کرپشن کے خلاف مہم کے سلسلے میں ہم نے ٹرین مارچ کیا ہر سطح کے لوگوں کومتحرک کیا ۔ کرپشن فری پاکستان کا اتنا چرچا ہوا کہ ہر کوئی اسے بڑا مسئلہ سمجھنے لگا ۔ اب پاناما لیکس کا معاملہ چل رہا ہے ۔ پاناما لیکس کی وجہ سے دیگر ممالک میں کئی حکمران فارغ ہوئے مگر ہمارے یہاں کچھ نہیں ہوا۔
تازہ ترین