اسلام آباد (صالح ظافر) وزیرداخلہ چوہدری نثار علی خان نے انکشاف کیا ہے کلہ کوئٹہ میں وکلاء برادری پر حملے میں ملوث 5 ملزمان قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ مقابلے میں مارے گئے ہیں جبکہ حملے کے ماسٹر مائنڈ سمیت اس میں ملوث 3 ملزمان کو گرفتار کیا جاچکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سانحہ کوئٹہ کی تحقیقات کرنے والے اعلیٰ عدالت کے کمیشن نے اپنی تحقیاتی رپورٹ کے دوران امتیازی طور پر واقعے میں ملوث مرکزی ملزمان کی گرفتاری اور ان کے ساتھیوں کی ہلاکت کے واقعے کو نظرانداز کیا۔ پنجاب ہائوس میں جنگ سے گفتگو کرتے ہوئے چوہدری نثار کا کہنا تھا کہ کمیشن کی رپورٹ کے کچھ مندرجات کا سانحہ کوئٹہ سے کوئی تعلق نہیں ہے اور اس طرح کے مشاہدوں سے ان کے اور ان کی حکومت کے مخالفین کو ان پر کیچڑ اچھالنے کا موقع ملا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سانحہ کوئٹہ کا معاملے کا فیصلہ سپریم کورٹ نے کرنا ہے اس لئے ان پر تنقید کرنے والوں کو کوئی فائدہ نہیں ہوگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ کمیشن کی رپورٹ کو سپریم کورٹ میں پیش کرنے سے قبل مںظر عام پر لانا سمجھ سے بالا تر ہے۔