پشاور(سٹی رپورٹر) پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی جنرل سیکرٹری خرم نواز گنڈا پور نے کہا ہے کہ وزیر داخلہ چوہدری نثار دہشت گردوں کی پشت پناہی کر رہے ہیں ایسے حالات میں ہم رونے کیلئے کس کے پاس جائیں سانحہ کوئٹہ پر بلوچستان کے وزیر اعلیٰ اور وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے جھوٹ بھولا ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان عوامی تحریک یوتھ ونگ کی جانب سے ضرب امن و تبدیلی نظام کی جدوجہد کے سلسلے میں کراچی سے سائیکل ریلی پشاور پہنچنے کے موقع پر پشاور پریس کلب میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر پاکستان عوامی تحریک یوتھ ونگ کے صدر مظہر محمود علوی ‘ مرکزی ناظمہ ویمن ونگ فرح ناز ‘ امیر تحریک منہاج القرآن پشاور ڈاکٹر شبیر گیلانی ‘ امیر تحریک منہاج القرآن پشاور ڈاکٹر سید بشیر گیلانی ‘ ضلعی صدر پاکستان عوامی تحریک جمشید علی خان ‘ ناظم منہاج القرآن پشاور اویس قادری ایڈووکیٹ ‘ آل پاکستان ہندو رائٹس موومنٹ کے چیئرمین ہارون سرب دیال ‘ پاکستان مسیحی لیگ کے ڈاکٹر جان سمیت دیگر بھی موجود تھے ۔ خرم نواز گنڈا پور نے کہا کہ وزیر اعظم میاں نواز شریف کے مل میں پچاس سے زائد بھارتی کام کر رہے ہیں جس کو زیر اعظم نے سپانسر ویزے جاری کئے ہیں اور وہ ہر جگہ گھوم پھر سکتے ہیں جو انتہائی خطرے کی بات ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سانحہ آرمی پبلک سکول کے دن جب وزیر اعظم میاں نواز شریف پشاور دورے پر آئے تو وہ گورنر ہائوس سے نکلتے ہوئے ہنس رہے تھے انہیں یہ احساس ہی نہیں تھا کہ آرمی پبلک سکول میں 122 بے گناہ طلبہ کو قتل کیا گیا ہے جسکی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے ۔ انہوں نے کہا کہ 2010 ء میں جب طالبان کے خلاف کوئی بات نہیں کر سکتے تھے اس وقت پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ علامہ طاہر القادری نے طالبان کے خلاف فتویٰ جاری کردیا جس پر ہم فخر کرتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ ادوار میں حکمرانوں کی بے حسی کے باعث مشرقی پاکستان کو کھو دیا اگر یہ سلسلہ جاری رہا تو خدا نخواستہ ہم مغربی پاکستان کو بھی کھو جائینگے کیونکہ اس وقت روس ‘ امریکہ ‘ بھارت ‘ افغانستان سمیت دیگر ممالک پاکستان کے خلاف کام کر رہے ہیں ۔