گوجرانوالہ(نمائندہ جنگ)کرسمس پرحکومت پنجاب کی خصوصی ہدایت پر مسیحی برادری کی سہولت اور انہیں بھرپور ریلیف فراہم کرنے کیلئےضلع بھر میں رمضان بازاروں کی طرز پر22دسمبر سے 25دسمبر تک 5 سستے کرسمس بازار لگائے جائیں گے۔کرسمس بازاروں کے قیام کے سلسلہ میں بلائے گئے خصوصی اجلاس سے خطاب کر تے ہوئے ایڈیشنل ڈسٹرکٹ کلکٹر محمد طارق قریشی نے کہا کہ کرسمس کا تہوار مسیحی برادری کیلئےقابل احترام اور مذہبی اہمیت کا حامل ہے ۔ بطور انتظامی افسران ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم کرسمس تہوار کےموقع پر رمضان بازار طرز پر تمام انتظامات مکمل کریں ۔کرسمس کے تہوار کے موقع پر شہر میں ویسٹ مینجمنٹ کمپنی اور تحصیلوں میں ٹی ایم اے صفائی ستھرائی کے انتظامات کو یقینی بنائے، قبرستانوں، گرجا گھروں ، پارکوں اور کرسمس بازاروں میں صفائی کےخصوصی انتظامات کیے جائیں۔ انہوں نے پولیس حکام کو کرسمس بازاروں اور عبادت گاہوں میں فول پروف سکیورٹی فراہم کرنے کی ہدایت کر تے ہوئے کہا کہ بازاروں میں پولیس کی بھاری نفری تعینات اورواک تھر و گیٹ بھی لگائے جائیں۔