اسلام آباد ( آن لائن ) عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے وزیراعظم نواز شریف پر الزام عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعظم تمام کالعدم تنظیموں کے ساتھ ملے ہوئے ہیں اور وہ ان کی حمایت کرتے ہیں۔ حکومت ان تنظیموں کے خلاف کارروائی کرنے سے گریزاں ہے۔نجی ٹی وی کو دیئے گئے ایک انٹرویو میں شیخ رشید نے کہاکہ بیانات صرف بینِ الاقوامی برادری کو دکھانے کے لیے دیئے جاتے ہیں،سول ہسپتال خودکش حملے پر تحقیقاتی کمیشن کی رپورٹ کے حوالے سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ یہ صرف چند روز کی کہانی ہے اور اس کے بعد یہ رپورٹ بھی ماضی کا حصہ بن جائے گی۔شیخ رشید نے دعویٰ کیا کہ موجودہ حالات میں جو کچھ بھی وفاقی وزیرِ داخلہ چوہدری نثار علی خان کے ساتھ ہو رہا ہے اس سب کے پیچھے بھی نواز شریف کی سازش ہے۔عوامی مسلم لیگ کے سربراہ نے واضح کیا کہ نواز شریف سابق آرمی چیف راحیل شریف اور سابق ڈی جی آئی ایس آئی جنرل رضوان اختر کے دور میں کافی بے چینی محسوس کرتے تھے اور اب وہ چوہدری نثار کو میدان سے ہٹانا چاہتے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ اچھا ہے کہ چوہدری نثار کو اب حقیقت کا پتا چلے گا جس کی ہم شروع دن سے بات کررہے ہیں۔