• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سانحہ کارساز و بینظیر قتل،بیان کیلئے پرویز مشرف کو سی ٹی ڈی سندھ کا نوٹس

کراچی (طلحہ ہاشمی)سابق صدر جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف کو سی ٹی ڈی سندھ نے نوٹس جاری کردیا ہے، نوٹس سانحہ کارساز اور شہید محترمہ بےنظیر بھٹو کے قتل کی تحقیقات کے سلسلے میں جاری کیا گیا ہے کہ وہ اپنا بیان ریکارڈ کرائیں کہ جب شہید بی بی نے پاکستان آنے سے قبل انھیں اپنی جان سے متعلق خطرات سے آگاہ کردیا تھا تو کیا اقدامات کیے گئے۔ تفصیلات کے مطابق سابق صدر جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف کو سی ٹی ڈی سندھ کے ڈی ایس پی انویسٹی گیشن کی جانب سے نوٹس بھیج دیا گیا ہے کہ اپنا بیان ریکارڈ کرائیں، ذرائع بتاتے ہیں کہ نوٹس کو محترمہ شہید بینظیر بھٹو کی آمد سے قبل ان کی جانب سے لکھے گئےخط کو بنیاد بنایا گیا ہے جو اس 2007میں اپنی آمد سے قبل شہید بی بی نے اس وقت کے صدر پرویز مشرف کو لکھا تھا۔ تعزیرات پاکستان کی دفعہ 160اور161 سی آر پی سی کے تحت لکھے گئے خط کا متن ہے کہ 18اکتوبر کو کارساز پر ہونے والے دھماکوں  اور پاکستان آمد سے قبل شہید بی بی نے خط میں بتایا تھا کہ انھیں حکومت نے بتایا ہے کہ ان کی جان کو شدید خطرات لاحق ہیں اور کالعدم تنظیمیں ان پر حملہ کرنا چاہتی ہیں۔ 16اکتوبر 2007خط میں مزید لکھا گیا کہ  وہ صدر کو اپنی سیکیورٹی کے بارے میں لاحق خطرات اور ان خطرات کے پیچھے موجود قوتوں اور لوگوں کے بارے میں بتارہی ہیں۔ ڈی ایس پی سی ٹی ڈی انویسٹی گیشن اور بہادر آباد تھانے میں انسداد دہشتگردی سمیت دیگر دفعات کے تحت درج کیس کے انویسٹی گیشن نے پرویز مشرف کو نوٹس میں مزید لکھا ہے کہ انصاف اور قانون  کا تقاضہ پورا کرنے کےلیے آپکا بیان ضروری ہے۔
تازہ ترین