• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

قومی ہاکی چیمپئن شپ آج سے لاہور میں شروع ہوگی، ٹیموں کو چار گروپ میں رکھاگیا ہے

کراچی(اسٹاف رپورٹر) قومی ہاکی چیمپئن شپ جمعہ سے لاہور میں شروع ہوگی۔ نیشنل ہاکی اسٹیڈیم میں کھیلی جانے والی چیمپئن شپ میں حصہ لینے والی ٹیموں کو چار گروپوں میں تقسیم کیا گیا ہے۔ اس بات کا اعلان پی ایچ ایف کےڈائریکٹر ڈیولپمنٹ اینڈ ڈومیسٹک نوید عالم نے جمعرات کو پریس کانفرنس میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ پول اے میں پی آئی اے، نیوی، ریلویز، پول بی میں واپڈا، سوئی گیس، ہائر ایجوکیشن، پول سی میں نیشنل بینک، پورٹ قاسم، پولیس، سرکاری ٹی وی، پول ڈی میں آرمی، سوئی نادرن گیس اور پی اے ایف شامل ہیں۔ ہر پول کی دو ٹاپ ٹیم سپر لیگ کے لیے کوالیفائی کرے گی۔ آٹھ ٹیموں کو دو گروپ میں رکھا جائے گا۔ دونوں گروپ کی دو ٹاپ ٹیمیں سیمی فائنل میں رسائی حاصل کرسکیں گی۔ چیمپئن شپ کا فائنل 4جنوری کو کھیلا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ چیمپئن شپ کے لیے 65 امپائرز اور ٹیکنیکل آفیشلز کا انتخاب کیا گیا ہے۔ نوید عالم نے کہا کہ چند ہفتوں میں ریجنل ٹیموں کے لیے قومی چیمپئن شپ کا انعقاد کیا جائے گا انہوں نے کہا کہ ریجنل مقابلے میں 30 ٹیموں کی شرکت کا امکان ہے جس سے نئے ٹیلنٹ کو سامنے لانے میں مدد ملے گی۔ چیمپئن شپ کے لیے مختلف کمیٹیاں بھی تشکیل دی گئی ہیں، محکمہ جاتی چیمپئن شپ کے ٹورنامنٹ ڈائریکٹر مسعود الرحمن ہوں گے، انصر محمود جوڑا، شاہد حمید اورخالد منیر کواسسٹنٹ ٹورنامنٹ ڈائریکٹر بنایاگیا ہے، ڈسلپنری اینڈ اسکروٹنی کمیٹی کے کنوینر نوید عالم اولمپئن ہوں گے جبکہ ارکان میں عاطف بشیر اورعلیم رضا شامل ہیں، سید ذوالفقارعلی شاہ امپائر منیجر جبکہ منورحسین، محمد اصغر اور رضیہ رضوی اسٹنٹ امپائر منیجر ہوں گی۔ حیدر رسول، فیصل ، انوار حسین اور رانا ساجد سمیت 22 کے قریب امپائرز اور 32 ٹیکنیکل آفیشلز بھی ایونٹ کے دوران فرائض انجام دیں گے۔
تازہ ترین