اسلام آباد(نمائندہ خصوصی) وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے آئی سی ٹی پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ہدایت کی کہ وہ کومبنگ آپریشنز میں زیادہ تعاون اور بہتری کو یقینی بنائیں۔ ایف آئی اے اور آئی سی ٹی پولیس کے افسران اور اہلکاروں کی شاندار کارکردگی پر انہیں نقد انعامات اور تعریفی اسناد دی گئیں ۔ ڈائریکٹر ایف آئی اے لاہور ڈاکٹر عثمان انور اور ایس پی انوسٹی گیشن آئی سی ٹی پولیس کیپٹن (ر) الیاس کو 2016ء کے بہترین افسران قرار دیا گیا ہے۔ ایف آئی اے کے جن افسروں نے ایوارڈز حاصل کئے ان میں ڈائریکٹر ایف آئی اے لاہور ڈاکٹر عثمان انور، انسپکٹر ایف آئی اے سندھ زون عبدالرئوف، ایس آئی ایف آئی اے بلوچستان رشید محمود، ایس آئی ایف آئی اے پنجاب زون محسن بٹ اور امیگریشن بی آئی اے کے ایف آئی اے کے پی کے زون واجد علی شاہ شامل ہیں۔ آئی سی ٹی پولیس کے افسران اور اہلکاروں میں ایس پی کیپٹن (ر) الیاس، ایس آئی عبدالرزاق، اے ایس آئی توصیف احمد، اے ایس آئی سلیم رضا، اے ایس آئی محمد اشرف اور کانسٹیبل یاسر محمود شامل ہیں۔ بہترین افسران کو 3 لاکھ روپے کا نقد انعام جبکہ دیگر بہترین افسران کو ایک لاکھ روپے کا انعام اور تعریفی سرٹیفکیٹ دیا گیا۔ افسران سے بات چیت کرتے ہوئے وزیر داخلہ نے ان کی کارکردگی کو سراہا اور کہا کہ ان ایوارڈز سے ان کی مزید حوصلہ افزائی ہو گی ۔ قبل ازیں اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیر داخلہ نے آئی سی ٹی پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ہدایت کی کہ وہ کومبنگ آپریشنز میں زیادہ تعاون اور بہتری کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ عدالتوں میں مناسب استغاثہ کے ساتھ مجرموں کی گرفتاریاں کی جائیں۔ وفاقی دار الحکومت کی بڑی شاہراہوں اور سڑکوں پر ٹریفک ہجوم کے متعلق انہوں نے اسلام آباد ٹریفک پولیس کو 24 گھنٹے کے اندر ایک جامع سٹرٹیجی تیار کرنے کی ہدایت کی ۔