میرپور (نمائندہ جنگ ) پاکستان پیپلزپارٹی آزادکشمیر کے سینئر ر ہنما ہمایوں زمان مرزانے کہاہے کہ بینظیر بھٹو شہید کی نویں برسی آزادکشمیر ،مقبوضہ کشمیر،پاکستان اور بیرون ممالک انتہائی عقیدت و احترام کیساتھ منائی جائے گی ۔شہید جمہوریت کی ملکی و بین الاقوامی خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا جائیگا۔انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو مستقبل میں نئے پاکستان کے وزیراعظم ہو نگے پاکستان کے چاروں صوبوں آزاد جموں وکشمیر اور گلگت بلتستان میں پیپلزپارٹی کی حکومت ہو گی، پیپلزپارٹی سب سے بڑی یونیورسٹی ہے جس کی جڑیں عوام کے اندر ہیں ۔ پیپلزپارٹی کے کنونشنز میں پاکستان کے چاروں صوبوں ، آزاد جموں وکشمیر اور گلگت بلتستان سے عوام کی شرکت اس بات کا غماز ہے کہ پاکستان پیپلزپارٹی آئندہ آنے والے الیکشن میں ایک مرتبہ پھر حکومت بنا کر عوام کو اس کے حقوق دلائے گی ۔ان خیالات کااظہار انہوں نے اجلاس کے بعد صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری پاکستان کے عوام کیلئے ایک نئی صبح کی امیدلیکر آئیں ہیں ان کی قیادت میں پاکستانی عوام کو انکے حقیقی حقوق دلانے اور پاکستان میں صاف و شفاف نظام کو قائم کر ینگے ، کارکنان اپنے نوجوان چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے ساتھ کھڑے ہیں اور 2018ء کے الیکشن میں تاریخ ساز فتح حاصل کر کے ایک مرتبہ پاکستان کے چاروں صوبوں ، آزاد جموںوکشمیر اور گلگت بلتستان میں حکومت بنائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان و آزاد کشمیر کے مظلوم طبقات کو قائد عوام ذوالفقار علی بھٹو شہیدنے ایک پلیٹ فارم پر جمع کر دیا شہید بھٹو اور شہید بے نظیر بھٹو عوام کے دلوں پر حکمرانی کرتے رہیں گے۔