سکھر(بیورو رپورٹ) سائیٹ ایریا سکھر کے علاقہ مکین بچوں نے سوئی گیس کی لوڈشیڈنگ اور انتہائی کم پریشر کے خلاف سوئی سدرن گیس کمپنی کے دفتر کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا، مظاہرین نے ہاتھوں میں سوئی گیس کے بل اور خالی برتن اٹھائے ہوئے تھے ۔مظاہرین سوئی سدرن گیس کمپنی کے خلاف نعرے بازی کررہے تھے۔ مظاہرین بچوں کا کہنا تھا کہ سردیوں کے موسم میں گیس کی لوڈشیڈنگ اور انتہائی کم پریشر جیسے مسائل میں اضافہ کردیا گیاہے، لوڈشیڈنگ کے باعث علاقے میں موجود سیکڑوں گھر مشکلات سے دوچار ہیں، سوئی سدرن گیس کمپنی کمرشل بنیادوں پر فیکٹریوں اور ہوٹل مالکان کو تو گیس فراہم کرتی ہے لیکن گھروں کے چولہے ٹھنڈے پڑے ہوئے ہیں ، لوگ گھروں میں لکڑیاں جلانے پرمجبور ہیں، بڑی تعداد میں بچے بغیر ناشتہ اسکولوں کو جانے پر مجبور ہیں، اس سنگین صورتحال کے خلاف مسلسل سراپا احتجاج ہیں لیکن حیرت انگیز طور پر کوئی نوٹس نہیں لیا جاتا ۔ایک جانب گیس کی لوڈشیڈنگ اور انتہائی کم پریشر نے پریشان کررکھا ہے تو دوسری جانب زائد ریڈنگ کے بل نے مشکلات مزید بڑھا دی ہیں۔انہوں نے وزیراعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف، وفاقی وزیر گیس و پیٹرولیم سے مطالبہ کیا کہ سکھر میں سوئی سدرن گیس کمپنی کی زیادتیوں کا فوری طور پر نوٹس لیا جائے اور گیس کی لوڈشیدنگ، کم پریشر کا سلسلہ بند کیا جائے۔