سرگودھا( نمائندہ جنگ ) نو منتخب چیئر مین ضلع کونسل سردار عاصم شیر میکن نےاپنی رہائش گاہ کوٹ پہلوان میں عوامی وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ضلع سرگودھا کی تعمیر و ترقی کیلئے بھرپور کردار ادا کروں گا ۔ عوام کا حاکم نہیں بلکہ حقیقی خادم بن کر رہوں گا ۔ضلع سرگودھا کو جہالت و پسماندگی کی دلدل سے نکال کر تعمیر و ترقی کی شاہراہ پر گامزن کرنا میری اولین ترجیح ہوگی اور مسائل کے حل کیلئے ہر ممکن اقدامات اُٹھاوں گا۔ اس موقع پر ایم پی اے سردار بہادر عباس میکن ، سردار فتح خان میکن ، سردار مظہر حیات میکن، سردار شفقت عباس میکن، چوہدری شاہ ریز وڑائچ ، ملک محمد علی ٹوانہ، طارق محمود قاسمی ، رائے حامد رضا بھٹی سمیت سینکڑوں افراد موجود تھے۔علاوہ ازیں نومنتخب چیئر مین ضلع کونسل سردارعاصم میکن نےایم این اے ڈاکٹر ذوالفقار علی بھٹی سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی اور ان سے آئندہ کے لائحہ عمل پر مشاورت کی ۔سردارعاصم میکن کا کہناتھاکہ ضلع کونسل میں تمام فیصلے مشاورت سے کیے جائیں گے ۔ ڈاکٹر ذوالفقار علی بھٹی نے کہا کہ ہم سب مل کر میاں محمد نواز شریف اور میاں محمد شہباز شریف کے ویژن پر عمل پیرا ہو کر ضلع سرگودھا کو مثالی ضلع بنائیں گے اور امیدکرتا ہوں کہ منتخب بلدیاتی نمائندے عوام کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کریں گے۔اس موقع پر نو منتخب وائس چیئر مین ضلع کونسل سرفراز احمد بھٹی، سردار فخر عباس میکن، رائے سلطان سکندر بھٹی،رائے احمد شیر بھٹی، چیئر مین ضلعی عشر وزکوۃ کمیٹی رائے حامد رضا بھٹی ، میاں ساجد، راجہ سرفراز کیانی، طارق وڑائچ ، محمد افضل بھٹی، ڈاکٹر امجد حسین جوئیہ و دیگر بھی موجودتھے۔