سرگودھا( نمائندہ جنگ ) مسلم لیگ (ن)کے ضلعی صدر چوہدری شاہ نواز رانجھا نے ضلعی سیکرٹریٹ میں وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ضلع کونسل کے انتخابات جیت کر ثابت کردیا ہے کہ ضلع سرگودھا مسلم لیگ (ن)کا ناقابل تسخیر قلعہ ہے ۔ ضلع کونسل کے انتخابات میں مسلم لیگ (ن)نے اپوزیشن کے غیر فطری اتحاد کو پاش پاش کردیا ۔تحریک انصاف ، پیپلز پارٹی اور ق لیگ مل کر بھی خود کو شکست سے نہ بچا سکی۔ لیگی امیدواروں کو بھاری اکثریت سے کامیاب کرانے پر تمام یوسی چیئر مینز کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن)ضلع کی تعمیر وترقی کیلئے بھرپور کردار ادا کرے گی ۔ نو منتخب چیئر مین ضلع کونسل عاصم شیر میکن تعمیر و ترقی کے جذبے سے سرشار اور پوری محنت اور ایمانداری سے ضلع کی عوام کی بھرپور خدمت کریں گے۔