چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ مولانا فضل الرحمان ، نوازشریف کی کرپشن ٹیم کےنائب کپتان ہیں ، یہ بات توماننی پڑے گی کہ مولانا فضل الرحمان اور اسفند یار وکٹ کے دونوں طرف کھیلنا جانتے ہیں۔
صوابی میں جلسہ عام سے خطاب میں عمران خان نے کہا کہ کرپشن کی ٹیم کے کپتان نوازشریف، نائب کپتان مولانا صاحب ہوں گے، فضل الرحمان صاحب ، خدا کے واسطے اپنے نام سے مولانا ہٹائیں۔
انہوں نے کہا کہ کرپشن ٹیم کے اوپننگ بیٹسمین زرداری ہیں، ان کو نیٹ پریکٹس کرنےدیں، چوتھے کھلاڑی شہباز شریف ہیں، ان پر بھی نیب میں کیس ہے ۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ چودھری نثار نے وہی بات کی جو میں کررہا تھا ، آزاد چیرمین نیب کا تقرر کرنا نواز شریف کے لیے مینار پاکستان سے چھلانگ لگانے کےبرابر ہوگا، نیب آزاد ہوجائے اور اصغر خان جیسا آدمی اس کا سربراہ بن جائے تو نواز شریف اکیلا نہیں پوری مافیا کی باری آئے گی۔
چیئرمین تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ سی پیک منصوبہ ملک کی قسمت بدل دے گا، ہمارا چین سے کوئی مسئلہ نہیں ہے، ہمارے مسئلے وفاقی حکومت کے ساتھ ہیں ۔
عمران خان نے کہا کہ نواز شریف کا مسئلہ یہ ہے کہ وہ اپنی زبان پر قائم نہیں رہتے، نواز شریف نے وعدہ کیا تھا کہ سی پیک میں پہلے مغربی روٹ بنے گا۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ وفاقی حکومت سی پیک کے معاہدے سب کو دکھائے ۔