شیخوپورہ(نمائندہ جنگ سے)اسٹیٹ بنک آف پاکستان نے سب رجسٹرار صفدر آباد کی طرف سے کیپیٹل ویلیو ٹیکس کی رقم سرکاری خزانے میں جمع نہ کروائے جانے کی بناء پر 10لاکھ 23ہزار روپے کی رقم پنجاب حکومت کے کھاتہ سے کٹوتی کرنے کا فیصلہ کیا ہے یہ فیصلہ ایف بی آر کے مطالبے پر کیا گیا ہے اور ا س بارے میں ضلع حکومت کو آگاہ کرتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ اگر اس ضمن میں ضلع حکومت اور محکمہ مال کو کوئی اعتراض ہے تو اس کے بارے میں فوری طور پر آگاہ کیا جائے، باخبر ذرائع نے بتایا ہے کہ تحصیل صفدر آباد میں سب رجسٹرار آفس کے عملے نے جائیدادوں کی رجسٹریوں پر خریداروں کی ملی بھگت سے کیپیٹل ویلیو ٹیکس وصول نہ کیا تھا ،جس کی نشاندہی انسپکشن رپورٹ میں کی گئی اور کئی بار سب رجسٹرار کو ہدایت جاری کی گئی کہ یہ رقم ڈیفالٹرز سے وصول کرکے سرکاری خزانے میں جمع کروائی جائے مگر ایسا نہ ہونے کی بناء پر ایف بی آر نے یہ رقم حکومت پنجاب کے کھاتے سے کٹوتی کرنے کا مطالبہ کردیا، دریں اثناء سب رجسٹرار آفس کے ذرائع نے کہا ہے کہ آڈٹ رپورٹ ملتے ہی ڈیفالٹروں سے رقم کی وصولی کے احکامات جاری کردیئے گئے تھے۔