• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

خطبہ حجۃ الوداع کو اقوام متحدہ اپنے چارٹر میں شامل کرے، پیر حسان ، حسیب الرحمٰن

برمنگھم (نمائندہ جنگ) آستانہ عالیہ عیدگاہ شریف کے گدی نشین الحاج پیر علامہ محمد نقیب الرحمن کی صدارت میں منعقدہ سیرت کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے زیب سجادہ نشین علامہ صاحبزادہ پیر محمد حسان حسیب الرحمن نے کہا ہے کہ نبی رحمت اللعالمینﷺ کی تعلیمات اور انسانی جانوں کی قدر و قیمت کے بارے میں خطبہ حجۃالوداع کو اقوام متحدہ کے چارٹر میں شامل کیا جائے۔ خطبہ حجۃ الوداع میں نہ صرف اسلامی اصولوں کی پاسداری پر زور دیا گیا ہے بلکہ عالمی امن انسانی حقوق اور انسانت کی بات کی گئی ہے۔ دنیا میں حقیقی معنوں میں قیام امن اور بے سکونی سے خاتمے کے لیے اقوام متحدہ اپنے چارٹر میں خطبہ حجۃ الوداع کو شامل کرے۔ یہ ایسا نصاب اور نصب العین ہے جس پر نہ صرف شخصیت بلکہ پورا معاشرہ کامیابی، ترقی حاصل کرسکے گا۔ پیر حسان حسیب الرحمن نے کہا کہ نبی کریم ﷺکی رحمت نہ صرف مسلمانوں، بلکہ پوری کائنات کے لیے ہے، اس لیے ہمیں اپنے کردار اور طرز عمل سے ثابت کرنا ہوگا کہ ہم ایسے نبیﷺ کے پیروکار ہیں جو امن اور محبت کے داعی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نبی کریمﷺ کی ولادت سے پوری دنیا کو نور ملا ہے۔ میلاد کی بابرکت اور روحانی محافل میں نوجوان نسل کی شمولیت کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ سیرت مصطفیﷺ پر عمل کرنا اس وقت کی سب سے بڑی ضرورت ہے کیونکہ جب تک ہم کردار و سیرت مصطفیﷺ نہیں اپناتے تب تک اسلامی غلبہ نہیں حاصل کیا جاسکتا ہے۔ انہوں نے نوجوان نسل پر زور دیا کہ وہ داعش سمیت مختلف انتہا پسندوں کو رول ماڈل بنانے کی بجائے نبی آخرالزمانﷺ کو اپنا رول ماڈل بناکر اپنی زندگیوں میں عشق رسولﷺ کو بسالیں۔ آٹھویں سالانہ سیرت کانفرنس سے صدر محفل علامہ الحاج پیر محمد نقیب الرحمن، پیر طیب الرحمن، علامہ فاروقی چشتی، خادم عیدگاہ شریف عمران یعقوب اور دیگر نے بھی خطاب کیا جب کہ اس موقع پر مختلف ثناء خوانوں نے اپنے منفرد انداز میں نذرانہ عقیدت بھی پیش کیا۔ آخر میں صدر محفل الحاج پیر محمد نقیب الرحمن نے خصوصی دعا کروائی۔
تازہ ترین