اسلام آباد ( جنگ نیوز / نیوز ایجنسیز) وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال نے کہا ہے کہ سی پیک دنیا میں علاقائی تعاون کا سب سے بڑا منصوبہ بن چکا ہے، ہمیں قومی مفاد میں سی پیک پر سیاست نہیں کرنی چاہئے ،وفاقی حکومت کھلے دل کیساتھ وزیراعلیٰ پرویز خٹک کی سی پیک میں مدد کر رہی ہے،عمران خان اب اپنی غلطی کووفاقی حکومت پرتھوپنا چاہتے ہیںجبکہ وزیرمملکت اطلاعات ونشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ عمران خان کی پریشانی ہے کہ انکےپاس سیاست کرنے کیلئے اب کوئی ایشو نہیں بچا،عمران خان دوسرے صوبوں میں پنجاب کے خلاف نفرت پیدا کر رہے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق اتوار کو میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال نے کہا ہے کہ گوادرکے صنعتی زون میں سرمایہ کاری کیلئے سرمایہ کاروں کی لائنیں لگ رہی ہے،گوادر شہر کے منصوبوں پرکام کی رفتار تیزکرنے کیلئے چینی حکام سے بات چیت ہو گی، ابتدا میں 8؍ صنعتی زونز کے قیام پر مذاکرات ہوں گے، تمام صوبوں میں صنعتی زونزصوبائی حکومتوں کی مشاورت سے قائم کئے جارہے ہیں، عمران خان کی منفی سیاست اور رویے سے کے پی حکومت کا نقصان ہوا ہے، عمران خان پہلےکنٹینرپرچڑھ کرسی پیک کو قوم سے فراڈ قرار دیکر ، انکار کرتے رہے، سی پیک قومی منصوبہ ہےاورسب صوبے اس میں برابر کے شریک ہیں۔ احسن اقبال نے مزید کہا کہ عمران خان کو سی پیک پر صوبائیت کی چھاپ لگانے سے گریز کرنا چاہیے، پاکستان کے دوست اس سے خوش اور دشمن پریشان ہیں ۔ علاوہ ازیں وزارت منصوبہ بندی کے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ وفاقی وزیر احسن اقبال جے سی سی کی تیاریوں کے سلسلے میں 26؍ دسمبر کو بیجنگ پہنچیں گے، وفاقی وزیرمنصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال پاکستانی وفد کی قیادت کریں گے۔ادھر اتوار کو اپنے ایک بیان میں وزیرمملکت برائے اطلاعات و نشریات و قومی ورثہ مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ عمران خان کا تیسری مرتبہ منتخب وزیراعظم کے ساتھ مقابلہ مضحکہ خیز ہے، وزیراعظم صرف لوگوں کی خدمت کرکے بنا جاتا ہے اور وزیراعظم محمد نواز شریف صرف پاکستان کے ہی نہیں بلکہ اس خطہ کے لیڈر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان اپنے ساتھ وزیراعظم محمد نواز شریف کا مقابلہ کرنا چھوڑ دیں اور خیالی دنیا سے باہر آجائیں، آج اگر نواز شریف کی قیادت میں سی پیک پر عملدرآمد ہو رہا ہے تو وہ اس خطہ کی ترقی ہے، آج اگر وزیراعظم دہشت گردی اور دہشت گردوں کی کمر توڑ رہے ہیں تو وہ صرف اس خطہ کے امن کیلئے، آج اگر پاکستان کے توانائی کے منصوبے لگ رہے ہیں اور لوڈ شیڈنگ میں کمی آرہی تو وہ صرف اس خطہ کے امن کیلئے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کو چاہئے کہ وہ کے پی کے میں مایوس کن کارکردگی کو بہتر بنانے پر توجہ دیں۔ مریم اورنگزیب نے کہا کہ جو شخص آئینی اداروں کی عزت نہیں کرسکتا وہ وزیراعظم بننے کا اہل نہیں۔ علاوہ ازیں اتوار کو اسپورٹس کمپلیکس میں قائداعظم محمد علی جناح کے سالگرہ کے موقع پر منعقد تقریب سے خطاب مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ قائداعظم کی سالگرہ پر ہم نے یہ عہد کرنا ہے کہ پاکستان کو حقیقی معنوں میں قائد کی پہچان اور قائد کا پاکستان بنانا ہے‘ وزیراعظم محمد نواز شریف قائد کے وژں کی مطابق پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کیلئے جدوجہد کر رہے ہیں‘ قائداعظم نے تعلیم کے ساتھ ساتھ ایمان‘ اتحاد اور نظم کا درس دیا۔ تقریب سے وزیر مملکت برائے کیڈ ڈاکٹر طارق فضل چوہدری اور پی این سی اے کے ڈائریکٹر جنرل جمال شاہ نے بھی خطاب کیا جبکہ اس موقع پر وزارت اطلاعات و نشریات و قومی ورثہ کی زیر اہتمام سات روزہ قائداعظم کی سالگرہ کی تقریبات میں نمایاں کامیابی حاصل کرنے والوں کو انعامات بھی دیئے گئے۔ وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے انعامات تقسیم کیے۔