• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

باکسنگ ڈے پر اظہر کی زبردست مزاحمت، اسد بھی مدد کو آپہنچے، پاکستان کے 142 پر چار وکٹ

میلبورن (جنگ نیوز) آسٹریلوی بولنگ اٹیک کے خلاف پاکستان کی ٹاپ آرڈر ایک بار پھر لڑ کھڑا گیا تاہم اظہر علی پاکستان کو بہتر مقام پر لانے کے لئے جدوجہد کررہے ہیں۔ باکسنگ ڈے پرنائب کپتان اظہر کی مزاحمت جاری ہے،برسبین کے ہیرو اسد شفیق ان کی مدد کو وکٹ پر پہنچ گئے ہیں۔ پاکستان نے آسٹریلیا کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ کے پہلے دن بارش کے باعث کھیل منسوخ ہونے سے قبل 142رنز بنائے تھے اور اس کے چار کھلاڑی آؤٹ ہوئے تھے۔ میلبورن میں رات گئے بارش جاری تھی اور میچ میں مزید بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ کھیل کے اختتام پر اظہرعلی 66اور اسد شفیق چار رنز بنا کر وکٹ پر موجود تھے۔ اظہر علی 138گیندیں کھیلی ہیں اور چار چوکے مارے میں۔ تجربہ کار یونس خان نہ چل سکے۔ کپتان مصباح الحق کی خراب بیٹنگ فارم کا سلسلہ جاری ہے۔ بارش کی وجہ سے پچاس اعشاریہ پانچ اوورز کا کھیل ہی ممکن ہو سکا۔ چائے کا وقفہ مقررہ وقت سے پہلے کر دیا گیا جس کے بعد ایک گیند بھی نہ کرائی جاسکی۔ پیر کو مصباح الحق نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ پاکستانی ٹیم میں راحت علی کی جگہ سہیل خان کو شامل کیا گیا، جب کہ آسٹریلوی ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی۔ اظہرعلی اور سمیع اسلم نے11اوور میں 18رنز کا ہی اضافہ کیا تھا کہ پاکستان کی پہلی وکٹ گری جب ناتھن لائن نے سمیع اسلم کو اسمتھ کے ہاتھوں کیچ کرا دیا۔ سمیع اسلم نے 41گیندوں پر نو رنز بنائے۔ کھانے کے وقفے سے قبل آخری گیند پر پاکستان کو 60کے اسکور پر بابر اعظم کا نقصان بھی برداشت کرنا پڑا۔ وہ تین چوکوں کی مدد سے 23رنز بنا کر ہیزل ووڈ کی گیند پر سلپ میں اسمتھ کے ہاتھوں کیچ ہوئے۔ یونس خان نے تیسری وکٹ کیلئے اظہر کے ساتھ 51رنز جوڑے لیکن21رنز بنانے کے بعد جیکسن برڈ کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔ اس سے قبل یونس خان کے خلاف ایل بی ڈبلیو کی متعدد اپیلیں بھی ہوئیں۔ مصباح الحق نے آتے ہی ایک چوکا اور ایک چھکا لگایا لیکن جیکسن برڈ نے نک میڈنسن کی مدد سے انہیں11رنز پر چلتا کیا۔ پاکستان نے چار وکٹ کے نقصان پر 142 رنز بنائے تھے کہ بارش آگئی۔
تازہ ترین