پشاور(سٹاف رپورٹر) پاکستان تحریک انصاف کے رکن صوبائی اسمبلی اور سابق وزیر معدنیات ضیا اللہ آفریدی نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ پرویز خٹک ڈرامہ بازی بند کرکے میرےخلاف عدالت جائین میں بھی ان کے خلاف ٹھوس ثبوت دینے کےلئے تیار ہوں، تحریک انصاف کسی کے باپ کی جاگیر نہیں بلکہ اس کے مالگ تو پارٹی کارکن اور عوام ہیں، میں نے پارٹی کا نام اور پرچم استعمال نہیں کیا بلکہ کارکنوں نے پارٹی جھنڈوں اور ٹوپیوں کےساتھ میرا استقبال کیا، خیبر پختونخوا حکومت کے ترجمان مشتاق احمد غنی نے گزشتہ روز جنگ کو بتایا تھا کہ صوبائی حکومت اور تحریک انصاف کی قیادت نے سابق صوبائی وزیر ضیا اللہ آفریدی کی جانب سے پارٹی کا نام اور پرچم کے استعمال پر نہ صرف ناپسندیدگی کا اظہار کیا ہے بلکہ ضیا اللہ آفریدی کو دوبارہ ایسا کرنے سے روکنے کےلئے انہیں عدالتی نوٹس بھی ارسال کیا جائیگا انہوں نے بتایا تھا کہ وزیر اعلیٰ پرویز خٹک سابق وزیر ضیا اللہ کے الزامات کے بعد ان پر ہتک عزت کا دعویٰ کریں گے جس کےلئے قانونی ماہرین سے مشاورت مکمل کرلی گئی ہے اس بارے میں ضیا اللہ آفریدی نے رابطہ کرنے پر جنگ کو بتایا ہے کہ وزیر اعلیٰ پرویز خٹک اب بھی کافی لیٹ ہوگئے ہیں اس لئے اب مزید ڈرمہ بازی بند کرکے میرے خلاف عدالت جائیں میں وہاں ان کے تمام کرتوتوں کے ٹھوس ثبوت پیش کروں گاانہوں نے کہاکہ وہ کارکنوں کا حصہ ہیں اس لئے کارکنوں کو پارٹی نوٹس جاری کرکے باہر نکال دیں، سابق وزیر نے کہا کہ انہوں نے پارٹی کا نام یا پرچم استعمال نہیں کئے بلکہ کارکنوں نے پارٹی جھنڈوں اور ٹوپیوں کے ساتھ ان کا استقبال کیا، انہوں نے یہ بھی کہاکہ تحریک انصاف کسی کے باپ کی جاگیر نہیں بلکہ یہکارکنوں اور عوام کی پارٹی ہے۔