ملتان (سٹاف رپورٹر) پاکستان کسان اتحاد ضلع خانیوال کے زیر اہتمام ڈنڈابردارکسانوں کا اووربلنگ احتجاجی مظاہرہ ‘میپکو ہیڈکوارٹر کا گھیرائو کیا اورمطالبات کے حق میں دھرنا بھی دیا۔ مظاہرے کی قیادت پاکستان کسان اتحاد کے مرکزی و ضلعی عہدیداروں نے کی مظاہرے میں شریک کسانوں نے حکومت اور میپکو افسروں کےخلاف شدید نعرے بازی کی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کسان رہنماؤں نے کہا کہ بجلی کمپنی معاشی بدحالی کے شکار کسانوں کو ماہانہ ہزاروں اضافی یونٹس ڈال رہی ہے۔جب تک معاہدہ کے مطابق بلز میں فی یونٹ 5 روپے 35 پیسے کے فلیٹ ریٹ کے مطابق قیمت وصول نہیں کی جاتی کسان کسی قسم کےبقایاجات اور بلز ادا نہیں کریں گے۔ کسانوں نے ٹریکٹر ٹرالی لگا کر خانیوال روڈ بلاک کردیا۔ جس سے شہر کی اس مصروف ترین روڈ پر تین گھنٹے تک بدترین ٹریفک جام رہی۔ بعدازاں میپکو افسران کی جانب سے کسانوں کو درپیش مسائل کے حل کی یقین دہانی پر کسانوں نے احتجاج ختم کردیا۔