ملتان (سٹاف رپورٹر) وفاقی وزیر مملکت تعلیم بلیغ الرحمن نے کہا ہےکہ ہائر ایجوکیشن کمیشن( ایچ ای سی )کا بجٹ 91ارب تک پہنچادیا گیا ہے ، لیپ ٹاپ سکیم تمام تر تنقید کے باوجود شفاف انداز میں جاری ہے ، ایچ ای سی کا کارکردگی سے حکومت مطمئن ہے وہ گزشتہ روز علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی ریجنل کیمپس ملتان میں لیپ ٹاپ کی تقسیم کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے ، اس موقع پر یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر شاہد صدیقی اور ریجنل ڈائریکٹر بھی موجود تھے ۔وفاقی وزیر مملکت نےمزید کہا کہ 2008 سے شروع ہونے والی لیپ ٹاپ سکیم کی تقسیم مکمل میرٹ پر ہورہی ہے ، جنوبی پنجاب کے ہر طالبعلم جو ماسٹر، ایم پی اور پی ایچ ڈی کررہا ہے اسکی فیس حکومت کی ذمہ داری ہے ۔ وزیراعظم یوتھ ٹریننگ پروگرام میں ایک لاکھ کے قریب ہر سال بچے تربیت حاصل کررہے ہیں دانش سکول کے بچے دنیا میں پاکستان کا نام روشن کررہے ہیں دو کروڑ چالیس لاکھ بچے سکولوں سے باہر تھے ہم اس تعداد میں مسلسل کمی لارہے ہیں ہمارے سیاسی مخالفین سکولوں میں بچوں کے نہ جانے پر تنقید کرتے ہیں انکے اپنے صوبے میں تعلیمی حالات بہت خراب ہیں ملتان میٹرو مکمل ہوچکی جلد افتتاح ہوگا مگر ہمارے سیاسی رہنما مخالفت برائے مخالفت کی بات ہی کرتے ہیں میٹرو سے ملتان میں ہزاروں لوگ روزانہ مستفید ہونگے ایچ ای سی کو ہدایت کی گئی ہے کہ تمام جامعات میں سپیشل افراد کے لیے خصوصی پالیسی بنائی جائے جسکا اطلاق جلد کیا جائے گا تمام سکولوں کے نصابوں میں نرسری تا پنچم ناظرہ قرآن مجید اور چھٹی سے انٹر تک قرآن مجید کا ترجمہ ضروری قرار دیا جارہا ہے علامہ اقبال کے فاصلاتی نظام تعلیم سے ہر سال تیرہ لاکھ طالبعلم تعلیم حاصل کررہے ہیں تقریب میں انھوں نے وزیر اعظم کے پروگرام نیشنل لیپ ٹاپ اسکیم کے تحت 202 بچوں میں لیپ ٹاپ تقسیم کئے قبل ازیں انہوں نے علاقہ اقبال اوپن یونیورسٹی ریجنل کمپس میں اکیڈمک بلاک کا افتتاح کیا ۔ جو 8 کروڑ ستر لاکھ روپے لاگت سے تیار کیا گیا ہے ۔