• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شانِ بہاول پور ایوارڈ کی تقسیم کیلئے تقریب کا انعقاد

بہاولپور(ڈسٹرکٹ رپورٹر) ضلعی انتظامیہ بہاول پور کی جانب سے اسلامیہ یونیورسٹی بغداد الجدید کیمپس کے آڈیٹوریم میں شانِ بہاول پور ایوارڈ2016ء کی ایک پروقار تقریب منعقد ہوئی جس میں بہاول پور ضلع سے تعلق رکھنے والے افراد جنہوں نے اپنے اپنے شعبوں میں کارہائے نمایاں سے بہاول پور کی شان بڑھائی انہیں شان بہاول پور ایوارڈ سے نوازا گیا،تقریب میں وزیر مملکت تعلیم وامور داخلہ بلیغ الرحمان، جنرل آفیسر کمانڈنگ میجر جنرل امجد علی خان، سینیٹر سعود مجید،اراکین اسمبلی بیگم پروین مسعود بھٹی، فوزیہ ایوب قریشی، افضل گل، حسینہ ناز، خالد محمود وارن، خالد محمود ججہ، کمشنر ودیگر نے شانِ بہاول پور ایوارڈ2016ء تقسیم کئے۔شانِ بہاول پور ایوارڈ پانچ کیٹگریز پر مشتمل ہے جن میں ہلال بہاول پور ایوارڈ، تمغہ بہاول پورایوارڈ، ستارہ بہاول پورایوارڈ،نشانِ فرید ایوارڈاور نشان بہاول پور ایوارڈ شامل ہیں۔ ہلال بہاول پور ایوارڈ بہاول پور سے تعلق رکھنے والی پاکستان کی پہلی فائٹر پائلٹ عائشہ فاروق، ریٹائرڈ چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس (ریٹائرڈ) میاں اللہ نواز، آرتھو پیڈک سرجن پروفیسر ڈاکٹر تحسین چیمہ، آئی سرجن پروفیسر ڈاکٹر لطیف چودہری،افسانہ نگار  بشریٰ رحمان، کیمیا دان پروفیسر ڈاکٹر فیض الحسن نسیم، کیوریٹر شاہی قبرستان قلعہ ڈیراور اللہ جوایا کو دیا گیا۔تمغہ بہاول پور ایوارڈ دانش سکول حاصل پور کے طالب علم شاہد زمان عباسی کوتقریری مقابلہ میں صوبہ بھر میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے پر، نابینا افراد کے لئے چھڑی بنانے والے نوجوان طالب علم محمد طاہر اور طویل القامت شخص حق نواز کو دیا گیا۔ستارہ بہاول پور ایوارڈ قومی ہاکی ٹیم کے کھلاڑی عمر بھٹہ، خواتین ہاکی ٹیم کی کھلاڑی عنبرین ارشد، مائرہ صابر، کلثوم شہزادی، ثنا اللہ دتہ، ہونہار بچے سید عبداللہ تنصیر، جماعت پنجم میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے والی بختاور چوہان، بیڈمنٹن پلیئر محمد زبیر خان، زرعی سائنس دان ڈاکٹر عمران خالد کو دیا گیا۔ شانِ فرید ایوارڈ محقق اور مصنف خواجہ محمد طاہر کوریجہ کو دیا گیا۔نشانِ بہاول پور ایوارڈ نواب سر صادق محمد خاں عباسی خامس کوبعد از مرگ دیا گیا جنہوں نے ریاست بہاول پور کا پاکستان سے الحاق کیا۔ یہ ایوارڈ نواب سر صادق محمد خاں عباسی کے پوتے اورسابق ایم پی اے میاں محمد عثمان عباسی نے وصول کیا۔ شانِ بہاول پور ایوارڈ ہاکی کے نامور کھلاڑی مطیع اللہ خاں، سمیع اللہ خاں، ہدایت اللہ اور کلیم اللہ خاں کو دیا گیا۔ اسی طرح شہید اللہ دتہ اے ایس آئی اور شہید ناصر حنیف کانسٹیبل کی بیوہ کو نشان بہاول پور ایوارڈسے نوازاگیا۔
تازہ ترین