• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بینظیر کیس : مشرف کورحمان بھولا کی طرح پکڑ کر لایا جائے،قائم علی شاہ

سکھر (بیورو رپورٹ) سابق وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے کہا ہے کہ دہشتگرد رحمان بھولا کو تھائی لینڈ سے گرفتار کر کے لایا جاسکتا ہے تو پرویز مشرف کو انٹرپول کے ذریعے کیوں نہیں لایا جا سکتا،  بے نظیر بھٹو  قتل کیس میں مشرف کو گرفتار کیا جائے  وفاقی حکومت ملزم کو واپس لانے کے لئےاقدامات کرے یہ بات درست ہے کہ پیپلزپارٹی کی مقبولیت کے گراف میں کچھ کمی آئی ہے لیکن اب  بلاول بھٹو زرداری کی صورت میں نوجوان قیادت سامنے آچکی ہے  جسے  بھرپور پذیرائی مل رہی  ہے ۔وہ سکھر ایئرپورٹ پر میڈیا سے بات چیت کررہے تھے۔ وزیر ٹرانسپورٹ سید ناصر حسین شاہ بھی موجود تھے۔ قائم علی شاہ نے کہا کہ وفاق نے ہمیشہ سندھ حکومت کو مایوس کیا جو وعدے کئے وہ پورے نہیں ہوئے، این ایف سی ایوارڈ سمیت سندھ کے دیگر مسائل کو وفاق نے نظر انداز کیا ہے۔ ایک سوال پر انہوں  نے کہا کہ یہ بات درست ہے کہ پیپلزپارٹی کی مقبولیت کے گراف میں کچھ کمی آئی ہے لیکن اب نوجوان قیادت بلاول بھٹو زرداری کی صورت میں سامنے آچکی ہے ، بلاول بھٹو لاہور میں بیٹھ کر سیاست کریں گےبلاول بھٹو زرداری جس علاقے میں بھی جاتے ہیں انہیں بھرپور پذیرائی ملتی ہے، آئندہ انتخابات میں ایک مرتبہ پھر پیپلزپارٹی بھاری مینڈیٹ سے کامیاب ہو کر اقتدار میں آئے گی اور ہم عوام کی خدمت کریں گے کیونکہ پیپلزپارٹی کی سیاست کا مقصد عوام کی خدمت ہے، وفاقی حکومت کی ناقص پالیسیوں اور سندھ حکومت کے ساتھ عدم تعاون کے باوجود ہم نے جمہوریت کی مضبوطی کے لئے مفاہمت کی سیاست کو جاری رکھا کیونکہ شہید محترمہ بے نظیر بھٹو نے خود مفاہمت کی سیاست کو آگے بڑھایا اور ملک میں جمہوریت نظام کو بحال کیا جس کے بعد سابق صدر آصف علی زرداری نے شہید چیئرپرسن محترمہ بے نظیر بھٹو کی مفاہمتی پالیسی کو جاری رکھتے ہوئے ملک میں جمہوری نظام کو مضبوط اور مستحکم بنانے میں اپنا کلیدی کردار ادا کیایہی وجہ ہے کہ آج ن لیگ کی حکومت بھی اپنی آئینی مدت پوری کرنے کی طرف جارہی ہے، پیپلزپارٹی نے اپنی آئینی مدت پوری کی ، ہم چاہتے ہیں کہ موجودہ حکومت بھی اپنی آئینی مدت پوری کرے لیکن وفاقی حکومت کو اپنی پالیسیوں پو از سر نو غور کرنا ہوگا، انہوں نے کہا کہ ہمارے چار مطالبات پوری قوم کے سامنے ہیں اور وہ ایسے مطالبات ہیں جو ملک اور قوم کے لئے ہیں لیکن افسوس کہ حکومت نے اس پر کوئی جواب نہیں دیااگر ان مطالبات کو تسلیم نہیں کیا گیا تو 27دسمبر کو لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔ 
تازہ ترین