سرگودھا (نمائندہ جنگ) پاکستان تحریک انصاف نارتھ پنجاب کے سینئر نائب صدر ممتاز اختر کاہلوں نے کہاہے کہ نیب سرگودھا میں ترقیاتی منصوبوں میں ہونیوالی بے ضابطگیوں کا نوٹس لے۔ سرگودھا کے ارکان اسمبلی کے مطابق 3 سال کے دوران سیوریج‘ پینے کے صاف پانی کی فراہمی کیلئے کروڑوں کے فنڈز آچکے ہیں مگر عملی طور پر نہ تو سرگودھا کے عوام کو پینے کا صاف پانی میسر ہے اور نہ ہی سیوریج کا نظام درست ہے۔نیب معلوم کرے کہ سرگودھا کے ارکان اسمبلی نے کہاں کہاں کرپشن کی ہے اور کن کن منصوبوں میں کمیشن کھائی ہے۔ مسلم لیگ (ن)کی حکومت سرگودھا کے شہریوں کو ووٹ دینے کی سزا دے رہی ہے ۔سردی کی شدت میں کمی کے باوجود شہر بھر میں 24 گھنٹے میں سے صرف 4 گھنٹے مختلف اوقات میں گیس فراہم کی جارہی ہے جو انتہائی کم پریشر کیساتھ آتی ہے لیکن ارکان اسمبلی مکمل خاموشی اختیار کئے ہوئے ہیں۔ آئندہ انتخابات میں اس کا خمیازہ ارکان اسمبلی کو بھگتنا ہو گا۔