کراچی (اسٹاف رپورٹر/جنگ نیوز) پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن کے عملے نے پیپلز پارٹی کی رہنما شیری رحمن کو غلط طیارے میں سوار کردیا۔ ایئرلائن ذرائع کے مطابق شیری رحمن کو سکھر جانا تھا جہاں سے انہیں لاڑکانہ بینظیر بھٹو کی برسی میں شرکت کرنا تھی تاہم انہیں ملتان کی پرواز میں سوار کرادیا گیا تاہم بعدازاں سکھر جانے والے طیارے میں بیٹھا کر منزل پر روانہ کردیا گیا۔ ائیرلائن ترجمان نے واقعے کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ سکھر اور ملتان روانہ ہونے کے لئے دو اے ٹی آر طیارے ایک ساتھ ایک ہی وقت پر روانہ ہونا تھے اس لیے غلط فہمی کی بنا پر کوچ ڈرائیور نے شیری رحمن کو ملتان جانے والے طیارے کے نزدیک اتار دیا تاہم طیارے کے باہر کھڑے ائیرلائن اسٹاف نے انہیں درست پرواز کی جانب بھیج دیا واقعے کی انکوائری کا حکم دیدیا گیا ہے۔ بعدازاں شیری رحمن نے اپنے تاثرات کے اظہار کے لیے ٹوئٹر کا سہارا لیا اور ٹوئٹ میں بھی بتایا کہ پی آئی اے نے مجھ سمیت دیگر مسافروں کو سکھر کے بجائے ملتان جانے والے اے ٹی آر طیارے میں سوار کردیا لیکن اب ٹھیک طیارے میں سوار ہیں تاہم مقام پر کوئی بکرا نظر نہیں آیا۔