ملتان (سٹاف رپورٹر) نو منتخب میئر ملتان چوہدری نوید الحق آرائیں کو مبارکباد دیئے جانے کا سلسلہ جاری ہے،بوسن ٹاون شعبہ پلاننگ اینڈ کوارڈنیشن کے ملک سجاد کھوکھر، مارکیٹ کمیٹی کے انسپکٹر ملک اسلم بابر اور ملک محمد اجمل سمیت دیگر لوگوں نے انہیں ان کی رہائش گاہ پر مبارکباد دی ،اس موقع پر چوہدری نوید الحق آرائیں نے کہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ ن ملتان سمیت جنوبی پنجاب کی محرومیوں کے خاتمے کیلئے انقلابی اقدامات کر رہی ہے اور بلدیاتی سیاست کے ذریعے گھر گھر عوامی خدمت کا پیغام پہنچائیں گے۔ رکن پنجا ب اسمبلی احسان الدین قر یشی اور نومنتخب ڈپٹی میئر ملتان منوراحسان قریشی کے اعزازمیں لیگی رہنماء یعقوب نمبردار کی جانب سے استقبالیہ دیا گیا ، احسان الدین قر یشی نے کہاکہ جنوری تک اقتدار کو مزید نچلی سطح تک منتقل کر دیا جائے گا تاکہ عوام کے مسائل مزیدبہتراندازمیں حل کئے جاسکیں۔ منوراحسان قریشی نے کہاکہ میں ملتان شہرکی عوام کی امنگوں پر پورااترنے کی بھرپور کوشش کروں گا۔