گوجرانوالا میں شادیوں کی تقریب میں خواتین کے پرس چوری کرنیوالے بچہ گینگ کا ایک کارندہ پکڑا گیا ہے۔ ملزم بچہ پانچویں جماعت کا طالب علم ہے۔
بچے کی نشاندہی پر دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے چھاپوں کا سلسلہ جاری ہے۔ گینگ نے ایک ہفتے کے دوران6 سے زائد شادی ہالز میں وارداتیں کیں تھیں۔
پولیس کے مطابق گوجرانوالا کا بچہ گینگ شادیوں کی تقریب میں شرکت کرتا تھا اور خواتین کے پرس چوری کرکے فرار ہوجاتا تھا۔ گینگ نے ایک ہفتے کے دوران6 سے زائد شادی ہالز میں وارداتیں کیں۔
ایک تقریب میں شادی ہال کے گارڈ نے بچے کو پکڑ کر پولیس کے حوالے کیا تھا۔ جیو نیوز کو اس شادی ہال کی سی سی ٹی وی ویڈیو بھی موصول ہوگئی ہے۔
ملزم بچے نے بتایا کہ اس کا بھائی اور اس کے دوست اسے تیار کرکے شادی میں لے جاتے اور خواتین کے پرس اٹھانے کا کہتے تھے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ان واقعات کی اطلاعات پر 3مختلف تھانوں میں پہلے سے ہی مقدمات درج ہیں۔