راولاکوٹ (نامہ نگار) پاکستان پیپلزپارٹی آزادکشمیر کے رہنما اعجاز صدیقی نے کہا ہے کہ شاہراہ غازی ملت اور ضلع پونچھ کو دریائے جہلم سے پانی کی فراہمی کے منصوبوں کو پاک چائنا اقتصادی راہداری کا حصہ بنایا جائے، پونچھ ڈویژن کے چار اضلاع کو اسلام آباد سے ملانے والی اہم شاہراہ غازی ملت روڈ کو راولاکوٹ سے روات تک ایکسپریس وے کا درجہ دے کر سی پیک کا حصہ بنایا جائے جب کہ ضلع پونچھ جو کہ پانی کی شدید قلت کا شکار ہے کو پانی کی فراہمی دریائے جہلم سے کی جائے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے صحافیوں سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا ،اس موقع پر انہوں نے کہا کہ ضلع پونچھ ٹورازم انڈسٹری کا مستقبل ہے لیکن یہاں انفراسٹکچر زبوں حالی کا شکار ہے پونچھ ڈویژن کے چار اضلاع راولاکوٹ، سدھنوتی ، حویلی اورباغ کو پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد سے ملانے والی اہم شاہراہ غازی ملت روڈ اس وقت مکمل ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہے جس کے باعث آئے روز بے شمار حادثات پیش آرہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ چین کی پاکستان میں کی جانے والی سرمایہ کاری کا حصہ تمام علاقوں کو انصاف اور برابری کی بنیاد پر دیاجائے ۔