اولڈھم ( تنویر کھٹانہ) باکسنگ ڈے برطانیہ بھر میں اپنی بمپر سیلز کی وجہ سے بے حد مشہور ہے اولڈھم کی کمیونٹی بھی باکسنگ ڈے سیلز کے حوالے سے بہت پرجوش نظر آتی ہے۔ روزنامہ جنگ نے اولڈھم میں باکسنگ ڈے پر ایک خصوصی سروے کیا جس میں ہم نے اولڈھم کے مختلف شاپنگ سنٹرز میں جا کر لوگوں کے خیالات جاننے کی کوشش کی۔ کچھ لوگ تو صبح تین بجے سے کپڑے اور الیکٹریکل کی دکانوں کے باہر قطار بنا کر کھڑے تھے۔ ایک خاتون نے بتایا کہ وہ پہلی دفعہ اس سیل میں آئی ہیں اور وہ خریداری کم جبکہ ایڈو نچر کرنے کی غرض سے آئی ہیں۔ کچھ خواتین اپنے پیاروں کے لیے جو پاکستان میں مقیم ہیں ان کے لیے خریداری کرنے آئیں تھیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر مناسب قیمت پر اچھے کپڑے اور دیگر چیزیں ملیں تو ضرور خریدنی چاہیے۔ بڑے بڑے سٹورز کی دیکھا دیکھی اولڈھم کے مقامی تاجروں نے بھی اپنی دکانوں میں آفرز لگائیں۔ کپڑوں جوتوں اور آرٹیفیشل جیولری کی دکانوں میں خواتین کا غیر معمولی رجحان نظر آیا۔اولڈھم میں اس بار باکسنگ ڈے پر پچھلے سال کی بہ نسبت خریداری کا رجحان کم رہا اور اس کی وجہ آن لائن سیلز میں لوگوں کی دلچسپی بتائی جا رہی ہے۔