پشاور ( نیوز ڈیسک) صوبہ خیبر پختونخوا میں سانحات کے دوران صحافی برادری نے جو نا قابل فراموش کردار ادا کیا ہے وہ لائق تحسین ہے، فی الوقت صوبے کے عوام کو بڑے چیلنجز کا سامنا ہے، جھوٹ اور سچ کے مابین فرق کو عوام تک پہنچانے اور عوام کو اپنے حقوق کے لئے منظم کرنے میں صحافیوں کو کلیدی کردار ادا کرنا ہے، معاشرے کو سدھارنے میں لکھاریوں کا نا قابل تردید کردار رہا ہے، جمہوریت اور صحافت کا چولی دامن کا ساتھ ہے، ان خیالات کا اظہاروزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک نے پشاور پریس کلب کے سالانہ انتخابات 2017میں نو منتخب صدر عالمگیر، جنرل سیکرٹری شہاب الدین اور دیگر اراکین کے نام اپنے ایک تہنیتی پیغام میں کیا ہے ،انہوں نے کہا ہے کہ صحافت ایک مقدس پیشہ ہے اور اس سے وابستہ افراد احترام کے قابل ہیں، وزیر اعلیٰ نے کہا کہ جمہوریت میں شفافیت عوامی خدمات اور عوامی حقوق کی پاسداری حکمرانوں کی ذمہ داری ٹھہرائی جاتی ہے صحافی برادری حکومتی کارکردگی کا غیر جانب دار جائزہ لے کر حق اور انسانی فلاح پر نظر رکھتی ہے اور دیکھتی ہے کہ معاشرے کے مختلف طبقے اور حکومتی ادارے اپنی ذمہ داریوں کی ادائیگی میں کتنے سنجیدہ ہیں، ہمارا ایجنڈا نوجوان نسل کا ایجنڈا ہے، نوجوان صحافی حکومت کواپنی ذمہ داریوں سے عہدہ بر آ ہونے پر نظر رکھیں اور ہمارے ساتھ معاشرہ سدھارنے ا ور اداروں کے کام میں شفافیت لانے کے لئے تعاون کریں،ہماری حکومت با مقصد تنقید کو اپنے لئے مشعل راہ سمجھتی ہے۔