لاہور (نمائندہ خصو صی)پاکستان عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ جنوری کا مہینہ پاکستانی سیاست کے لئے بہت اہم ہے ، پاناما کیس کا فیصلہ انصاف پر مبنی آگیا تو ملک میں ساری عمر کے لئے طالع آزمائوں کا راستہ رک جائے گا،کرپٹ سیاستدانوں کے احتساب کے لئے نہ صرف عدالتوں بلکہ چوکوں اور چوراہوں میں بھی جائیں گے ،نواز شریف کو 2018ء میں نہیں دیکھ رہا ، عمران خان کو جاوید ہاشمی کی باتوں کا نوٹس ہی نہیں لینا چاہیے تھا،بلاول پر زرداری بھاری ہو گیا ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہو ں نے گزشتہ روز مقامی ہوٹل میں پریس کانفرنس کر تے ہوئے کیا۔ اس موقع پر پاکستان عوامی تحریک کے رہنما خرم نواز گنڈاپور سمیت دیگر بھی موجود تھے ۔ شیخ رشید احمد نے کہا کہ میاں برادارا ن پاناما لیکس میں رنگے ہاتھوں پکڑے گئے ہیں، جب تک بڑوں کا احتساب نہیں ہوگا ، غریب اسی طرح سڑکوں پر رلتا رہے گا۔انہوں نے کہا کہ میں نے پاناما کیس میں مریم نواز کی مے فیئر فلیٹس کی بنفیشری کے ثبوت جمع کروادئیے ہیں، اگر عدالت نے پو چھ لیا کہ مریم نواز مے فیئر فلیٹس کی بنفیشری ہیں یا ٹرسٹی ہیں تومجھے یقین ہے کہ یہ کیس جنوری میں ہی انصاف پر مبنی فیصلے پر پہنچ جائے گا،پاکستان عوامی مسلم لیگ چیف جسٹس سپریم کورٹ اور پورے بنچ پر اعتماد کا اظہار کر تی ہے ، جو بھی فیصلہ ہوا ہم قبول کریں گے چاہے ہماری حمایت میں آئے یا ہمارے خلاف ،ا س کیس نے پاکستان کی تاریخ کا فیصلہ کرنا ہے ۔ انہو ں نے کہا کہ میں نے آج تک جو ڈیشل مارشل لاء کا لفظ نہیں سنا اور نہ ہی میرے سامنے ایسی کوئی سازش ہوئی ۔ انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا پر جسٹس ثاقب نثار کی تصویر کا پراپیگنڈا ایک مہینہ تک چلتا رہا لیکن حکومت کے کان تک جوں تک نہیں رینگی ۔