• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

2030ء تک پاکستان دنیا کی 17 مضبوط ترین معیشتوں میںشامل ہوگا، اسحاق ڈار

اسلام آباد (نمائندہ جنگ) وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ وزیر اعظم کی قیادت میں ملک تیزی سے ترقی کر رہا ہے اور پاکستا نی معیشت کے عالمی ادارے معترف ہیں۔ مگر ملک میں کچھ لوگ جان بوجھ کر آنکھوں پر پٹیاں باندھ کر اندھے بنے پھرتے ہیں۔ انہوں نے  کہا کہ  وزیراعظم کی قیادت میں 2018 ء تک پاکستان کو اندھیروں سے نکال دیں گے،آج ملک میں صرف تین تا چار گھنٹے کی لوڈشیڈنگ کی جا رہی ہے ہم نے اس کو بھی ختم کرنا ہےانہوں نے یہ بات  اسلام آباد میں بلوچستان کے پسماندہ علاقوں میں پائیدار ترقی کے لئے ٹیلی کمیونیکیشن سروسز کے  معاہدہ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ ٹیلی کمیونیکیشن سروسز کا منصوبہ دو سال میں مکمل ہو گا اور اس منصوبے پر دو ارب روپے سے زیادہ خرچ آئے گا۔ منصوبے سے دو لاکھ پسماندہ آبادی میں تقریباً 270 موضعات میں سروسز فراہم کی جائیں گی۔معاہدے کی دستاویزات پر یو ایس ایف کے قائم مقام سی ای او حارث ایم چوہدری اور یو فون کے ایکٹنگ سی ای او ندیم خان نے دستخط کئے ، اس موقع پر وفاقی وزیر خزانہ اسحٰق ڈار ، وزیر مملکت برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکشن انوشہ رحمٰن، سیکرٹری آئی ٹی کے علاوہ وزارت اور یوفون کے اعلٰی حکام بھی موجود تھے، وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے  کہا کہ ملک میں جو مواصلاتی نظام کی فراہمی وزیراعظم نواز شریف کا وژن ہے دنیا میں جدید ٹیکنالوجی سے آراستہ ملک ہی تیز تر ترقی کر سکتا ہے۔ سپیکٹرم کی نیلامی بھی ملک میں جدید ٹیکنالوجی کی طرف سفر کا حصہ ہے۔ سپیکٹرم کی شفاف نیلامی سے حکومت کو 160 ارب روپے حاصل ہوئے ہیں۔ ملک کے دور دراز اور پسماندہ علاقوں میں جدید ٹیکنالوجی فراہم کر رہے ہیں۔ دنیا میں ترقی کا کوئی بھی منصوبہ نجی شعبے کے اشتراک کے بغیر پایہ تکمیل تک نہیں پہنچ سکتا۔ ملک میں جاری مختلف منصوبوں میں نجی شعبے کو بھی شامل کیا ہے۔ حکومت ملک کے کونے کونے تک ترقی کے ثمرات پہنچانے کے لئے پر عزم ہے۔ پاکستان کو ترقی یافتہ اور خوشحال ملک بنانا حکومت اپنا فرض سمجھتی ہے۔ حکومتی کاوشوں کے باعث پاکستان سٹاک مارکیٹ کو دنیا کی تیز ترین مارکیٹس میں شمار کیا جا رہا ہے۔ معتبر عالمی ادارے پاکستانی معیشت کو مستحکم قرار دے رہے ہیں۔ عالمی کمپنیاں پاکستان میں سرمایہ کاری میں دلچسپی لے رہی ہیں۔ دنیا میں پاکستان کی ساکھ بہتر سے بہتر ہو رہی ہے۔ وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا کہ ملک میں کچھ لوگوں کی آنکھوں پر پٹیاں بندھی ہوئی ہیں۔ انہیں ترقی نظر نہیں آ رہی۔ 1999 ء میں ہمارے پاس ضرورت سے 1200 میگاواٹ زائد بجلی موجود تھی اور گزشتہ حکومتوں نے بجلی کی پیداوار کے لئے کوئی کام نہیں کیا اور ملک کو اندھیروں م یں دھکیل دیا۔ لوڈ شیڈنگ مسلم لیگ ( ن ) کی 2013 ء میں حکومت آئی تو ملک میں اوسطاً 14 سے 18 گھنٹے کی تھی۔ وزیراعظم کی قیادت میں 2018 ء تک پاکستان کو اندھیروں سے نکال دیں گے۔ آئی ایم ایف پروگرام کامیابی سے مکمل کر کے اسے خیرباد کہہ دیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کی ترقی کے لئے سب کو سیاست سے بالا تر ہو کر ملکر کام کرنا ہو گا۔
تازہ ترین