سکھر(بیورو رپورٹ)پاکستان پیرا میڈیکل اسٹاف ایسوسی ایشن سکھر کی جانب سے سرکاری اسپتالوں کو این جی اوز کو دیئے جانے کے خلاف سکھر پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا، مظاہرین نے ہاتھوں میں بینر اور پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے جن پر سرکاری اسپتالوں کو این جی اوز کو دیئے جانے کے خلاف نعرے درج تھے، مظاہرے کی قیادت حاجی محمد آچر نے کی، مظاہرین نے کہا کہ حکومت سرکاری اسپتالوں کی کارکردگی کو بہتربنانے کے لئے اقدامات کرے ، سرکاری اسپتالوں کی نجکاری کو کسی بھی صورت برداشت نہیں کریں گے، اگر سرکاری اسپتالوں کی نجکاری کرنے کی کوشش کی گئی تو بھرپور احتجاج کیا جائے گا۔ دوسری جانب محکمہ صحت کے ملازمین نے ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفس کی زبوں حالی کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا اور مطالبہ کیا کہ ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفس کا مرمتی کام فوری طور پر کرایا جائے کیونکہ عمارت کا پلستر گرنے کے باعث لوگ آئے دن زخمی ہوتے ہیں، حکومت اور محکمہ صحت نوٹس لیں۔