• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاناما کرداروں کو کیفر کردار تک پہنچائے بغیر چین سے نہیں بیٹھیں گے،سراج الحق

لاہور(نمائندہ جنگ) امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ قومی خزانہ لوٹنے والوں نے نہ صرف قومی امانتوں میں خیانت کی بلکہ قوم کے اعتماد کو بھی ٹھیس پہنچائی ہے ،قومی دولت لوٹنا ناقابل معافی جرم ہے جس پر خاموش نہیں رہ سکتے ۔وزیر اعظم اوران کے خاندان سمیت پاناماکے تمام کرداروں کو کیفر کردار تک پہنچائے بغیر چین سے نہیں بیٹھیں گے ۔ جب تک ایک ایک پائی وصول نہیں ہوجاتی ڈکیٹ گینگ کا پیچھا کرتے رہیں گے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے سپریم کورٹ میں پاناما لیکس مقدمہ کی سماعت کے بعد اپنی لیگل ٹیم کے خصوصی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میں پاناما لیکس مقدمہ کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ جس طرح ملک کی نظریاتی اور جغرافیائی سرحدوں کاتحفظ ہر پاکستانی کی ذمہ داری ہے اسی طرح قومی خزانے کی حفاظت بھی سب کا فرض ہے ،حکمرانوں کا اولین فرض قومی امانتوں کی حفاظت ہوتا ہے مگر موجودہ اور سابقہ حکمرانوں نے نہ صرف اپنے اس فرض سے روگردانی کی بلکہ اسے شیر مادر سمجھ کر پیتے رہے ۔انہوں نے اپنی لیگل ٹیم کو ہدایت کی کہ مقدمہ کی بھرپورتیار ی کرکے عدالت عظمیٰ میں حاضر ہوں اور مکمل ثبوتوں کے ساتھ اپنا موقف پیش کریں۔سینیٹر سراج الحق نے سپریم کورٹ کی طرف سے پاناما لیکس مقدمہ کی روزانہ کی بنیاد پر سماعت کے فیصلے کا خیر مقدم کیا اور امید ظاہر کی کہ عدالت قومی اہمیت کے اس تاریخی مقدمے کافیصلہ جلد از جلد کرنے کی کوشش کرے گی۔انہوں نے کہا کہ پوری قوم کی نظریں سپریم کورٹ پر لگی ہوئی ہیں،ملک میں غربت ،مہنگائی ،بے روز گاری اور تعلیم و صحت کی سہولتوں کی عدم دستیابی حکومتی کرپشن کی وجہ سے ہے ،حکمران قوم کے نام پر لئے گئے قرضوں کو بھی عوام پر خرچ کرنے کی بجائے اپنے ذاتی اللے تللوں پر اڑاتے رہے ۔انہوں نے کہا کہ کچھ لوگ اب بھی اس کوشش میں ہیں کہ پانامالیکس کے مقدمہ کو گرد و غبار اور غل غپاڑے کی نذر اور ملک و قوم کو لوٹی گئی دولت سے محروم رکھا جائے۔انہوں نے کہا کہ زرداری اور مشرف حکومتوں کے مکمل آڈٹ تک کرپشن کے خلاف ہماری تحریک جاری رہے گی۔
تازہ ترین