• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سکھر، پولیس مقابلوں کے بعد 4 ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار، اسلحہ برآمد

سکھر(بیورو رپورٹ)سکھر ضلع کے چار مختلف تھانوں کی حدود میں پیر کی الصباح پولیس مقابلے، مقابلوں کے دوران چار ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار، گرفتار ہونے والے ڈاکوؤں کے قبضے سے اسلحہ برآمد کر کے مقدمات درج کر لئے گئے، ڈاکوؤں کے فرار ہونے والے 9ساتھیوں کی گرفتاری کے لئے پولیس پارٹیاں تشکیل دے دی گئی ہیں، ایس ایس پی سکھر تنویر حسین تنیو کی ہدایت پر ضلع بھر میں ڈاکوؤں اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف آپریشن تیز کردیا گیا ہے، دو گھنٹوں کے دوران چار مختلف علاقوں میں مقابلوں کے دوران زخمی ہونے والے ڈاکوؤں کی گرفتاری کے بعد ان سے تفتیش شروع کردی گئی ہے تاکہ ان کے دیگر ساتھیوں کا سراغ لگایا جا سکے، پولیس ترجمان کے مطابق سکھر پولیس نے گزشتہ شب ضلع کے چار مختلف تھانوں کی حدود میں ڈاکوؤں کی موجودگی کی اطلاع پر کارروائی کی اور یہ کارروائی تقریباً دو گھنٹے تک جاری رہی، پولیس کو خفیہ اطلاع ملی تھی کہ تھانہ پٹنی ، تھانہ جنوجی، تھانہ مبارک پور اور تھانہ سانگی کی حدود میں ڈاکوؤں کے مختلف گروہ واردات کی نیت سے موجود ہیں جس پر پولیس پارٹیاں تشکیل دی گئیں ، مبارک پور تھانے کی حدود میں پولیس نے واردات کی نیت سے موجود ڈاکوؤں کا گھیرا تنگ کیا تو ڈاکوؤں نے پولیس پر فائرنگ کردی، پولیس نے بھی جوابی فائرنگ کی اس دوران ایک ڈاکو عمران چانڈیو کوزخمی حالت میں گرفتار کر کے اس کے قبضے سے ٹی ٹی پستول اور گولیاں برآمد کی گئیں اس کے تین ساتھی فرار ہوگئے جبکہ دوسرا پولیس مقابلہ تھانہ پٹنی کی حدودمیں ہوا جہاں ملزمان قومی شاہراہ پر لوٹ مار کی نیت سے موجود تھے کہ پولیس موقع پر پہنچ گئی، ڈاکوؤں نے پولیس کو دیکھتے ہی فائرنگ شروع کردی ، پولیس کی جوابی فائرنگ کے بعد ڈاکو احسان کھوسو کو زخمی حالت میں گرفتار کر کے اس کے قبضے سے ٹی ٹی پستول اور گولیاں برآمد کر لیں، اس کے دو ساتھی فرار ہوگئے، پولیس نے تھانہ سانگی کی حدود میں واردات کی نیت سے موجود تین ڈاکوؤں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے مقابلے کے بعد ایک ڈاکوشفیع کھوسو کو زخمی حالت میں گرفتار کر کے اس کے قبضے سے ٹی ٹی پستول اور گولیاں برآمد کر لیں، دو ڈاکوفرار ہوگئے، جبکہ تھانہ جنوجی کی حدود میں پولیس نے عبدالجبار میتلو کو مقابلے کے بعد زخمی حالت میں گرفتار کر کے اس کے قبضے سے پستول اور گولیاں برآمد کر لی ہیں۔ مقابلے کے دوران دو ڈاکو فرار ہوگئے۔ایس ایس پی سکھر کی جانب سے چار مختلف پولیس مقابلوں میں کامیاب کارروائیاں کئے جانے پر پولیس پارٹیوں کے لئے نقد انعامات اور تعریفی اسناد کا اعلان بھی کیا گیا ہے، پولیس ترجمان کے مطابق گرفتار ہونے والے چاروں ڈاکوؤں کے خلاف پولیس مقابلوں ، غیر قانونی اسلحہ سمیت دیگر دفعات کے تحت مقدمات درج کر لئے گئے ہیں۔
تازہ ترین