کراچی(ٹی وی رپورٹ) پی ٹی آئی کے رہنما نعیم الحق نے کہا ہے کہ اس ہفتے یا آئندہ ہفتے سپریم کورٹ کے فیصلے میں پاناما کا سچ سامنے آجائے گا ،عدالت کے سامنے حقائق پیش کرنا دونوں فریقوں کا فرض ہے،وزراء حکومت کے ملازم ہیں ان کا کام وزیراعظم اور ان کے اہل خانہ کا دفاع کرنا نہیں ہے۔ وہ جیو نیوز کے پروگرام ”کیپٹل ٹاک“ میں میزبان حامد میر سے گفتگو کررہے تھے۔ پروگرام میں وزیرمملکت برائے اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب اور جے ڈی سی فاؤنڈیشن کے جنرل سیکرٹری ظفر عباس سے بھی گفتگو کی گئی۔مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران خان ن لیگ کے نہیں،پاکستان کے وزیراعظم پر الزام لگارہے ہیں،عمران خان کے جھوٹے الزامات پر بطور وزیر اطلا عا ت قوم کو حقائق سے آگاہ کرنا میرا فرض ہے۔ظفر عباس نے کہا کہ کراچی کے شہری اب ہر ادارے کے باہر جھاڑو پکڑ کر احتجاج کریں گے،کراچی کے شہری کچرے کے ڈھیر پر رہ رہے ہیں،پنجاب کو وہاں کی حکومت نے جنت بنادیا ہے۔نعیم الحق نے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاناما کیس کی وجہ سے معاشرے کے بہت سے اہم مسائل نظرانداز ہورہے ہیں، موجودہ نظام میں ہمارے مسائل کا حل نہیں ہے،کراچی میں مسائل کی ذمہ دار سندھ حکومت ہے، کراچی کی بلدیاتی حکومت کو کبھی اختیارات اور بجٹ نہیں دیئے گئے، کراچی میں کچرے کے ڈھیر اب پہاڑ بن چکے ہیں، کراچی کے مسائل حل کرنے کیلئے انقلابی اصلاحات کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ جج حضرات پاناما کیس کے ہر پہلو سے مطمئن ہونے کے بعد ہی فیصلہ دیں گے، پی ٹی آئی نے پاناما کیس سے متعلق شواہد ،دستاویزات اور تضادات عدالت کے سامنے پیش کردیئے ہیں،پرسوں جو دستاویزات پیش کی گئیں اس کی روشنی میں سپریم کورٹ کیلئے فیصلہ کرنا آسان ہوجائے گا، عدالت کے سامنے حقائق پیش کرنا دونوں فریقوں کا فرض ہے۔نعیم الحق کا کہنا تھا کہ پاناما کیس میں وزیراعظم کے ذاتی مالی معاملات سے متعلق بات ہورہی ہے حکومتی معاملات کا اس میں کوئی دخل نہیں ہے،وزراء حکومت کے ملازم ہیں ان کا کام وزیراعظم اور ان کے اہل خانہ کا دفاع کرنا نہیں ہے، نواز شریف نے ذاتی معاملات کیلئے اپنے وکلاء کی خدمات حاصل کی ہیں،پاناما کیس میں ثبوت دیئے جاچکے اورقوم مطمئن ہوچکی ہے،اس ہفتے یا اگلے ہفتے سپریم کورٹ کے فیصلے میں پاناما کا سچ سامنے آجائے گا،پاناما کیس میں سپریم کورٹ کا ہر فیصلہ تسلیم کریں گے۔مریم اورنگزیب نے کہا کہ کراچی کے مسائل حل کرنے کیلئے وزیراعلیٰ سندھ اگر وزیراعلیٰ پنجاب کی پیروی کریں تو کوئی مضائقہ نہیں ہے، مارچ اپریل کے مہینے میں نیشنل آرٹسٹ کنونشن کیا جائے گا،وزیراعظم نے پی ٹی وی کا نیشنل ایوارڈ دوبارہ شروع کرنے کی بات کی ہے، اگلے تین مہینوں میں فلم انڈسٹری کی بہتری کیلئے اقدامات کیے جائیں گے۔