• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

خوراک میں شکر کی مقدار معلوم کرنے کی مفت ایپ کے حصول کا مشورہ

لندن( جنگ نیوز)چھوٹی عمر کے بچے اپنی غذاؤں میں حد سے تین گنا زیادہ شکر استعمال کررہے ہیںبرطانیہ میں والدین کو اپنے موبائل فون میں ایک مفت ایپ ڈاؤن لوڈ کرنے کی ترغیب دی جارہی جس کے ذریعے وہ بازار میں دستیاب کھانے پینے کی اشیا میں موجود شکر کی مقدار جان سکتے ہیں۔انگلینڈ پبلک ہیلتھ کی جانب سے متعارف کروائی گئی اس ایپ کو’شوگر سمارٹ ایپ‘ کا نام دیا گیا ہے، جو غذائی اشیا کی پیکنگ پر موجود بار کوڈ کو سکین کرنے کے بعد اس میں موجود شکر کی کل مقدار کو کیوبز یا گرام میں بتا دیتی ہے ۔ادارے کے حکام کو امید ہے کہ اس ایپ کے ذریعے لوگوں میں صحت مند غذاؤں کے استعمال کا رجحان بڑھے گا اور وہ دانتوں کی بیماریوں، موٹاپے اور ٹائپ ٹو ذیابیطس کا مقابلہ کرسکیں گے یہ ایپ ادارے کی نئی تشہیری مہم جینج فور لائف کا حصہ ہے۔اس مہم کے ذریعے یہ بھی بتایا گیا ہے کہ چھوٹی عمر کے بچے اپنی غذاؤں میں متوازن حد سے تین گنا زیادہ شکر استعمال کررہے ہیں۔مہم میں بتایا گیا ہےکہ 4 سے10 سال کی عمر کے بچے ہر سال اوسطاً 22کلو گرام زائد شکر کھا جاتے ہیں۔ اس زائد شکر کا وزن 5500کیوبز بنتا ہے جو ایک 5 سالہ بچےکے اوسط وزن سے بھی زیادہ ہے۔اس ایپ کا مقصد لوگوں میں آگہی پیدا کرنا ہے کہ ان کی روزمرہ کی غذا میں کتنی شکر موجود ہے۔یہ ایپ ملک میں دستیاب 75 ہزار سے زیادہ مصنوعات پر کام کرتی ہے جس سے والدین ان مصنوعات کو خریدنے سے قبل ہی ان میں موجود شکر کی مقدار کا اندازہ لگا کر یہ فیصلہ کرسکتے ہیں کہ ان کو خریدنا ان کے بچوں کی صحت کے لیے کتنا نقصان دہ ہوسکتاہے ۔پبلک ہیلتھ انگلینڈ کی چیف غذائی ماہر ڈاکٹر ایلیسن ٹیڈ سٹون کا کہنا ہے کہ بچے اپنی غذاؤں میں شکر کا بہت زیادہ استعمال کررہے ہیں جس کی وجہ سے ان میں دانت سڑنے، وزن بڑھنےاور آگے جاکر کئی مزید خطرناک بیماریوں کے پیدا ہونے کا خدشہ ہے۔زائد وزن اور موٹاپے کا شکار بالغ افراد میں دل کی بیماریوں، ٹائپ ٹو ذیابیطس اور کئی قسم کے سرطان پیدا ہونے کا خطرہ زیادہ ہوتا ہے۔ڈاکٹر ایلیسن کا کہنا ہے کہ ْ وہ ایک اقدام جس پر میں والدین کی بھرپور حوصلہ افزائی کروں گی، وہ یہ ہے کہ وہ اپنے بچوں کی غذاؤں میں چینی سے بھرپور مشروبات کو کم چینی والے مشروبات، پانی یا پھر کم چکنائی والے دودھ سے تبدیل کردیں۔شوگر سمارٹ ایپ کو ایپ سٹور کے ذریعے موبائل میں با آسانی ڈاؤن لوڈ کیا جاسکتا ہے۔
تازہ ترین