ملتان(سٹاف رپورٹر) ملتان انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر ڈراپ لائن بند ہونے سے شہریوں کی مشکلات کا سامناہے، ایئر پورٹ عملے نے پارکنگ سٹینڈ ٹھیکیداروں سے ملی بھگت کر کے شہریوں کو تنگ کرنا شروع کر دیا ہے ، معلوم ہوا ہے کہ ملتان انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر اپنے عزیز و اقارب کو چھوڑنے کیلئے آنیوالوں کے لئے ڈراپ لائن بند کر دی جاتی ہے اور شہریوں کو مجبور کیا جاتا ہے کہ وہ گاڑی کو پارکنگ سٹینڈ میں کھڑا کریں اور رقم کی ادائیگی کریں، گاڑی پر موجود شہری اپنے عزیز و اقارب کو چھوڑ کر واپس جا رہے ہوتے ہیں تو سائیکل سٹینڈ کے ٹھیکیدار زبردستی ان سے رقم وصول کر لیتے ہیں ، معلوم ہوا ہے کہ ملک بھر کے تمام ایئر پورٹس پر شہریوں کی سہولت کے لئے ڈراپ لائن کو کھلا رکھا جاتا ہے لیکن ملتان ایئر پورٹ پر صورتحال اس کے بر عکس ہے ، شہریوں کے مطابق ایئر پورٹ کے اہلکار وں نے ٹھیکیداروں سے ملی بھگت کر رکھی ہے اور جان بوجھ کر ڈراپ لائن بند کر دی جاتی ہے جس کی وجہ سے شہری اذیت میں مبتلا رہتے ہیں ، اس ضمن میں ایئر پورٹ منیجر راجہ اظہر سےموقف معلوم کرنے کیلئے رابطہ کیا گیا مگر ان سے بات نہ ہو سکی۔